امریکی وفد کا اسلام آباد کے نئے ہوائی اڈے کا دورہ، براہ راست پروازوں کا فوری امکان نہیں

 
0
421

اسلام آباد جولائی 16 (ٹی این ایس): امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن سیکورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) کے اہلکاروں نے رواں ہفتے پاکستان کادورہ کیا ۔یہ ادارہ امریکہ میں ہوائی اڈوں اور فضائی کمپنیوں کی سکیورٹی کے انتظامات کی نگرانی کرتاہے- ان اہلکاروں نے پاکستان کے ہوابازی کے حفا ظتی ڈھانچے کا جائزہ لیا اور پاکستان میں شہری ہوابازی کے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کی ۔
دورے کے دوران پاکستان محکمہ شہری ہوابازی اور وزرات ہوابازی کےنمائندوں نے نئے ہوائی اڈے پر حفاظتی اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ یہ دورہ باضابطہ معائنے ، آڈٹ یا کسی مخصوص ہوائی اڈے کا جائزہ لینے کے لیے نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی پاکستان اور امریکہ کے درمیان براہ راست پروازوں کا فوری طورپر کوئی منصوبہ ہے۔ پاکستان میں اپنی مصروفیات کے حوالے سے ٹی ایس اے کے ریجنل ڈائریکٹر جیسن شوابل نے کہا کہ ایک محفوظ ہوائی سفر تجارت اور رابطوں میں اضافے کے لیے ضروری ہے- انہوں نے کہا کہ وہ تعاون کی مزید راہیں تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ساتھ تعلقات کو گہرا کرنے کےخواہاں ہیں ۔
یہ دورہ امریکی سفارتخانہ کی جاری کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان اور امریکہ کے درمیان معاشی تعلقات کو مضبوط کرنا اور علاقائی روابط کو فروغ دینا ہے۔