سی ڈی اے نے لہتراڑ روڈ پر برما پُل کی تعمیر کے کام کا آغاز کر دیا

 
0
525

اسلام آباد جولائی 19 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے لہتراڑ روڈ پر برما پُل کی تعمیر کے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ منصوبہ کئی دہائیوں سے تعطل کا شکار تھا تاہم سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے اور قواعد و ضوابط کی تکمیل کے بعد اس منصوبے پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا ہے۔ پُل اپنی خستہ حالی کے باعث مشہور شاہراہ لہتراڑ روڈ پر اسلام آباد ایکسپریس وے سے ترامڑی اور نیلور کے ایریاز میں جانے والی ٹریفک کے لیے خطرے کا باعث تھا۔ مزید برآں اس پُل کی خستہ حالی کے باعث اس علاقے میں ٹریفک جام کا بھی بڑاموجب تھا۔
اس منصوبے کی تعمیر کا تخمینہ تقریباً 199 ملین لگایا گیا تھا تاہم ٹینڈرنگ کے عمل میں شفافیت کے باعث منصوبے کا کنٹریکٹ لگائے گئے تخمینہ سے3.97 فیصد کم پر ایوارڈ کیا گیا۔ کام کا ایوارڈ ہونے کے بعد سائٹ پر مشینری پہنچا دی گئی ہے اور موجودہ پُل کو منہدم کرنے کا کام جاری ہے جبکہ ارتھ اور پروٹیکنشن کے کام ساتھ ساتھ کیے جائیں گے۔ اس پُل کی لمبائی 152 میٹر جبکہ چوڑائی 11.5 میٹر ہے۔ اس منصوبے کو ایک سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔
اس پُل کی تعمیر سے جہاں شہر کاایک اور دیرینہ مسئلہ حل ہوگا وہاں علاقے کے لوگوں اور لہتراڑ روڈ کو استعمال کرنے والوں کی مشکلات میں بھی کمی آئے گی۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ پُل کی تعمیر میں کام کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گے۔