نواز شریف سے جیل میں اہل خانہ کی ملاقات ،ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے طبی معائنہ بھی کیا

 
0
598

لاہور جولائی 27 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں اہل خانہ نے ملاقات کی ، ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کا طبی معائنہ کیا اور ان سے صحت کے بارے میں آگاہی حاصل کی، پارٹی کارکنا ن نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے کوٹ لکھپت جیل کے باہر موجود رہے اور ان کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔ جمعرات کے روز ملاقات نہ ہونے کی وجہ سے شریف خاندان کے افراد نے خصوصی اجازت نامے پر ہفتہ کے روز کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی ۔
اس موقع پرملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خاندان کے افراد کے خلاف مختلف کیسز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شہباز شریف او رمریم نواز نے نواز شریف کو متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے 25جولائی کو لاہور سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد کئے گئے جلسوں اورلاہور میں رکاوٹوںاوررہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔
مریم نواز کیسز کے حوالے سے اپنے ہمراہ کچھ ضروری دستاویزات بھی لائیں اوراپنے والد سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔مریم نواز نے اپنے والد اور پارٹی قائد کو آنے والے دنوں میں مختلف اضلاع میں ورکرز کنونشنز کے حوالے سے بھی اعتما دمیں لیا ۔ شہباز شریف اور مریم نواز نے نواز شریف سے اہم امور پر رہنمائی بھی حاصل کی ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ملک او رعوام کیلئے آواز اٹھانے کی سزا دی جارہی ہے لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
عوام نے 25جولائی کو یوم سیاہ منا کر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ۔شریف خاندان کے افراد کی کوٹ لکھپت جیل آمد پر کارکنوں کی جانب سے ان کی گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کئے گئے اوران کے حق میں نعرے لگا ئے گئے ۔