سی ڈی اے نے سیکٹر آئی 14 کی مین ڈبل روڈ پر بحالی کا کام مکمل کر لیا

 
0
381

اسلام آباد اگست 04 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے سیکٹر آئی 14 کی مین ڈبل روڈ پر بحالی کا کام مکمل کر لیا ہے۔ اس ڈبل روڈ کو نہ صرف سیکٹر آئی14-کے رہائشی استعمال کرتے ہیں بلکہ سیکٹر I-16 کی رسائی کا بھی ایک اہم ذریعہ ہے۔اس منصوبے کے تحت اس 16کلو میٹر طویل دونوں اطراف سڑک کی ٹرپل سرفس ٹریٹمنٹ کی گئی ہے جبکہ ڈرینج سسٹم کی بحالی کے کام کے ساتھ ساتھ سڑک کے اطراف پروٹیکشن وال اور دیگر ٹوٹ پھوٹ کا شکار روڈ فکسچر کی تعمیر و مرمت بھی کی گئی ہے۔ اس منصوبے پر پچاس ملین روپے لاگت آئی ہے۔

واضح رہے کہ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ کی پالیسی جس کے تحت اب تک کیے گئے نظر انداز سیکٹرز میں تعمیراتی کاموں پر فوکس کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں چند ماہ قبل سی ڈی اے کی ایک ٹیم جس میں ممبر انجینئرنگ اور دیگر افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کی سربراہی میں سیکٹر آئی 14،15 اور16 کا دورہ کیا تھا۔دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا تھا کہ ان سیکٹروں کے رہائشیوں کو رسائی کے لیے دشواری کا سامنا کرنا پٹر تا ہے کیونکہ رسائی کے لیے استعمال ہونے والی مین روڈ خستہ حالی اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔انہیں یہ بھی بتایا گیا تھاکہ پچاس ملین روپے کے فنڈز جاری نہ ہونے کے باعث روڈ کی بحالی پر کام شروع نہیں کیا جا سکا۔ سیکٹر آئی 14 اور16 کے رہائشیوں کی مشکلات کے فوری ازالے کے لیے چیئرمین سی ڈی اے نے فنانس ونگ کو ہدایت کی تھی کہ وہ فوری طور پر مطلوبہ فنڈز مختص کرے تاکہ روڈ پر تعمیر و مرمت کا کام شروع کیا جا سکے۔ فنڈز جاری ہونے کے بعد مین ڈبل روڈ پر مرمت و بحالی کا کام شروع کیا گیا اور موئثر نگرانی کو یقینی بناتے ہوئے اس منصوبے کو مکمل کر لیا گیا ہے۔