اسلام آباد میں صفائی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی

 
0
335

اسلام آباد 06 اگست (ٹی این ایس): اسلام آباد میں صفائی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ کمیٹی میں سی ڈی اے کے ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول سیکشن، میٹروپولیٹین کارپوریشن کے ڈائریکٹر سینی ٹیشن اور ضلعی انتظامیہ کا ایک نمائندہ شامل کیا گیا ہے۔ یہ خصوصی کمیٹی اسلام آباد میں صفائی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کی نگرانی کرے گا۔
کمیٹی کو منگل سے اپنا کام شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ کمیٹی اسلام آباد میں صفائی کی صورتحال کو بالعموم جبکہ شہر کے نالوں کی صفائی اور انہیں قدرتی حالت میں لانے کے لیے بالخصوص کام کرے گی۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسلام آباد کے قدرتی نالوں میں کوڑا کرکٹ اور سیوریج ڈالنے والے افراد پر کڑی نظر رکھے گی اور ان کے خلاف سخت کاروائی کرے گی۔ اس ضمن میں کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے عناصر کو نہ صرف نوٹس دیں بلکہ ان پر جرمانے بھی عائد کئے جائیں۔ کمیٹی عید الاضحی کے موقع پر شہر کی صفائی کو یقینی بنانے کے لیے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے اور انہیں اور ٹھکانے لگانے کے اقدامات کی بھی نگرانی کرے گی۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسلام آباد کی گرین بیلٹس اور جنگل میں کوڑا کرکٹ ڈمپ کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی کر گے۔
علاوہ ازیں کمیٹی ایم سی آئی کی انوائرنمنٹ ونگ کے ساتھ مل کر شہر میں بڑھی ہوئی گھاس اور مختلف ایونیو اور گرین بیلٹس پر خود رو جھاڑیوں کی کانٹ چھانٹ کرائے گی۔ کمیٹی بنانے کا مقصد اسلام آباد کو کلین اینڈ گرین بنانے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو موئثر اور نتیجہ خیز بنانا ہے جس کے لیے سی ڈی اے دیگر اداروں کے ساتھ باہم مل کر اقدامات اٹھا رہا ہے۔