چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے سی ڈی اے کے کیپٹل ہسپتال کادورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور تمام وارڈوں کا معائنہ کیا

 
0
421

اسلام آباد اگست 07 (ٹی این ایس): چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے سی ڈی اے کے کیپٹل ہسپتال کادورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور تمام وارڈوں کا معائنہ کیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہسپتال میں صفائی کے ناقص انتظامات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کو بہتر کیا جائے اور مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہسپتال کی مجموعی حالت ِ زار پر بھی برھمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ہسپتال کا شمار اسلام آباد کے بہترین ہسپتالوں میں کیا جاتا تھا تاہم اب ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولیات اور صفائی کے علاوہ دیگر امور تسلی بخش نہ ہونے کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال کی مجموعی حالت کو ہنگامی بنیادوں پر درست کیا جائے جس کے لیے انہوں نے ہسپتال کی ضروری تعمیر و مرمت کے لیے 20 ملین روپے دینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ورکس کو ہدایت کی کہ کیپٹل ہسپتال میں اضافی بلاک کے تعمیراتی منصوبے پر جمعہ کے دن سے کام کا آغاز کیا جائے اور مقررہ مدت ہی میں تعمیراتی کام کو مکمل کیا جائے تاکہ مریضوں کی روز افزوں بڑھتی ہوئی تعداد کو سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات بہم پہنچائی جا سکیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے ایچ آر ڈی ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ وہ عید سے قبل ریکروٹمنٹ کے لیے ہائرکی جانے والی ٹیسٹنگ ایجنسی کے تمام امور کو حتمی شکل دیں تاکہ عید کے بعد وزارتِ داخلہ سے منظوری حاصل کر کے ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ریکروٹمنٹ کر کے عملے کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں انہوں نے ایچ آر کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے انتظامی امور کو زیادہ احسن طریقے سے چلانے کے لیے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کریں تاکہ ہسپتال کے موجودہ سسٹم کو دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے مریضوں کو درپیش مشکلات سے چھٹکارہ مل سکے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہسپتال میں سر سبز و شاداب درخت لگانے اور روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے انتظامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اگلے چند یوم میں دورہ کر کے نہ صرف نئے بلاک کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیں گے بلکہ ہسپتال کی مجموعی حالت کا بھی معائنہ کریں گے۔