سی ڈی اے اسلام آباد ایکسپریس وے کے کورال سے لیکر روات تک کے سیکشن کی بہتری کے لیے کل سے کام شروع کر رہا ہے

 
0
312

اسلام آباد اگست 20 (ٹی این ایس): سی ڈی اے اسلام آباد ایکسپریس وے کے کورال سے لیکر روات تک کے سیکشن کی بہتری کے لیے کل سے کام شروع کر رہا ہے۔ ایکسپریس وے کے کورال سے روات تک کے سیکشن کی بہتری کے لیے کئے جانے والا کام سی ڈی اے اپنے وسائل سے مکمل کرے گا۔ پی ڈبلیو ڈی اور پاکستان ٹاؤن کے حفاظتی یو ٹرن کی بہتری کا کام شروع ہو جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ منگل کے روز سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں چیئرمین سی ڈی اے کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کی انجینئرنگ ونگ کے افسران کے علاوہ ایس ایس پی ٹریفک نے بھی شرکت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے انجینئرنگ ونگ اور ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ایکسپریس وے کا دورہ کر کے ایکسپریس وے کی بہتری کے لیے کیے جانے والے کام کا خود جائزہ لیں تاکہ اس اہم شاہراہ پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے۔
اسلام آباد ایکسپریس وے کی بہتری کے لیے ہونے والا یہ کام عبوری مدت کے لیے کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کے بڑھتے ہؤے دباؤ کو کم کر کے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان عبوری انتظامات میں شاہراہ کی ضروری مرمت کے علاوہ شاہراہ پر موجو د گڑھوں بالخصوص شولڈرز کی تعمیر و مرمت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھا جا سکے۔

ایکسپریس وے پر ہونے والا سول ورک سی ڈی اے اور ایکسپریس وے پر موجود ہاؤسنگ سو سائیٹیز مل کر کریں گے۔ اس ضمن میں پی ڈبلیو ڈی اور پاکستان ٹاؤن کے مکینوں کے داخلے اور اخراج کے لیے سلپ لین بھی بنائی جائیں گی جبکہ پی ڈبلیو ڈی کے ٹریفک سگنل کے یو ٹرن کو بھی کشادہ کیا جائے گا تاکہ اس مقام پر ٹریفک کی روانی بلا تعطل جاری رکھی جا سکے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے کی بہتری کے لیے شروع ہونے والے اس کام کو ہاؤسنگ سوسائیٹیز اور سی ڈی اے اپنے وسائل سے مکمل کرے گا۔