اسلام آباد کے سیکٹرD-12کی سڑکوں کی ضروری تعمیر و مرمت اور بحالی کا کام پیر سے شروع کیا جائے گا۔

 
0
10527

اسلام آباد اگست 23 (ٹی این ایس): اسلام آباد کے سیکٹرD-12کی سڑکوں کی ضروری تعمیر و مرمت اور بحالی کا کام پیر سے شروع کیا جائے گا۔ سیکٹر D-12کی سڑکوں کی بحالی کا کام ایم پی او ڈائریکٹوریٹ اور کنٹریکٹر باہم مل کر کریں گے۔ اس ضمن میں ابتدائی طور پر سڑکوں کی بحالی کے کام کی تکمیل کے لیے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ تاہم فنانس ونگ کو مزید فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ سڑکوں کی بحالی کے اس کام کو بلا تعطل مکمل کیا جا سکے۔ مزید برآں سیکٹر D-12 تک رسائی کے لیے سڑک کے بقایا کام کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے یہ ہدایات جمعہ کے روز سیکٹر D-12 کے دورے کے موقع پر دیں۔ اس موقع پر سی ڈی اے بورڈ کے ممبران کے علاوہ سی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل ورکس، ڈپٹی فنانشل ایڈوائزر اور سی ڈی اے کے تمام متعلقہ شعبوں کے افسران بھی موجود تھے۔
اسلام آباد شہر کی مجموعی حالت کو مزید بہتر بنانے کے لیے یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ٓائندہ ہر ہفتے سی ڈی اے بورڈ کے ممبران میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے متعلقہ شعبوں کے ہمراہ تین رہائشی سیکٹروں کا دورہ کرینگے تاکہ اسلام آباد کو مزید خوبصورت اور مجموعی حالت کو بہتر بنایا جا سکے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ افسران کے ہمراہ سیکٹر D-12 کے تمام سب سیکٹروں کا تفصیلی دورہ کیا اور سیکٹر D-12 کی تمام سڑکوں کی ری کارپیٹنگ کے علاوہ ضروری تعمیر و مرمت کا کام فوری شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سیکٹر D-12کی تمام میجر روڈز، سروس روڈز، مرکز اور کلاس تھری مارکیٹوں کی سڑکوں کی بحالی کی ہدایت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ان سڑکوں کا ارتھ ورک اور بنیادی کام کو شروع کرے جبکہ ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی گئی کہ وہ ان تمام سڑکوں کی ری کارپیٹنگ کا کام شروع کریں۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے ڈپٹی فنانشل ایڈوائزر کو ہدایت کی کہ وہ سیکٹر D-12کی سڑکوں کی بحالی کے لیے کئے جانے والے کام کے لیے مطلوبہ فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ سیکٹر D-12 کے ان کاموں کو مقررہ مدت ہی میں مکمل کیا جا سکے۔ اس ضمن میں انہوں نے تمام مشینری کو فوری طور پر موبلائزکرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ پیر سے باقاعدہ کام کا آغاز ہو سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن کی انوائرنمنٹ ونگ سے رابطہ کر کے سیکٹر D-12 میں بڑھی ہوئی گھاس،خود روجھاڑیوں اور سڑکوں کے درمیان کی پٹی پر بڑھی ہوئی گھاس کو تلف کرائیں۔ سی ڈی اے کے ڈائریکٹر روڈ (نارتھ) کو ہدایت کی گئی کہ سیکٹر D-12 تک رسائی کے لیے استعمال ہونے والے روڈ کے باقیماندہ کام کو فوری مکمل کریں۔
واضح رہے کہ سیکٹر D-12میں لوگوں کی بڑی تعداد اپنے پلاٹوں پر گھر تعمیر کر رہی ہے اور ان تعمیراتی سر گرمیوں کے باعث سیکٹر کے تمام روڈز کی حالت ابتر تھی جس پر چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر D-12 کے تمام روڈز کی فوری بحالی کی ہدایات دی ہیں تاکہ اس سیکٹر کے رہائشیوں کی مشکلات کو ختم کیا جا سکے۔