سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر D-12 کی تمام چھوٹی بڑی سڑکوں کی ضروری تعمیر و مرمت اور بحالی کا کام شروع کر دیا

 
0
12999

اسلام آباد اگست 28 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر D-12 کی تمام چھوٹی بڑی سڑکوں کی ضروری تعمیر و مرمت اور بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔ ایم پی او ڈائریکٹوریٹ اور کنٹریکٹر باہم مل کر سیکٹر D-12کی میجر سڑکوں کے علاوہ سیکٹر کے اندر چھوٹی سڑکوں کی بحالی کا کام مکمل کریں گے۔ گذشتہ ہفتے چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹرD-12 کا دورہ کر کے سڑکوں کی خستہ حالت اور سیکٹر کے مرکز کے علاوہ پورے سیکٹر میں مطلوبہ تعمیرو مرمت کے لیے سی ڈی اے کی انجینئرنگ ونگ کو ہدایت کی تھی کہ ایم پی او ڈائریکٹوریٹ اور کنٹریکٹر مل کر پورے سیکٹر کی سڑکوں کی بحالی اور دیگر نا مکمل ترقیاتی کاموں کو فوری طور پر شروع کریں کیونکہ سیکٹر D-12 میں پلاٹوں کے الاٹیز تیزی کے ساتھ اپنے گھروں کی تعمیر کر رہے ہیں اور تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث نہ صرف پورے سیکٹر کی سڑکوں کی حالت خراب ہو چکی تھی بلکہ دیگر باقی ماندہ ترقیاتی کام مکمل نہ ہونے کے باعث اس سیکٹر کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی ہے کہ سیکٹر D-12کی میجر روڈسڑکوں کے علاوہ سروس روڈز، سیکٹر کے کلاس تھری شاپنگ سینٹرز اور دیگر کاموں کو کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ایم پی اوڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ وہ سیکٹر D-12 کی تمام سڑکوں کی ری کارپیٹنگ کے کام کو جلد از جلد مکمل کریں۔
واضح رہے کہ چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر D-12 کے رہائشیوں کی مشکلات کے پیش نظر ان ترقیاتی کاموں کے لیے فنانس ونگ کو مطلوبہ فنڈز فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث ترقیاتی کاموں میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔ فنانس ونگ نے نہ صرف ابتدائی طور پر فنڈز جاری کر دیئے ہیں بلکہ ان کاموں کی تکمیل کے لیے مزید فنڈز بھی فراہم کیے جائیں گے۔