کل اسلام آباد کے تمام چوراہوں پر12 بجے ٹریفک سگنل ’ریڈ‘ کرنے کا فیصلہ

 
0
1995

اسلام آباد اگست 29 (ٹی این ایس): حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کل جمعہ کے روز اسلام آباد کے تمام چوراہوں پر12 بجے ٹریفک سگنل ’ریڈ‘ کر دیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ٹریفک سگنل آدھا گھنٹہ ریڈ رہیں گے اور ٹریفک رکی رہے گی، شاہراہوں پرکشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاج کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تمام پاکستانی کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیلئے جمعہ کو دوپہر 12 بجے سے 12:30 تک باہر نکلیں۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں کشمیری بھائیوں کو واضح پیغام دیں کہ پاکستانی قوم مودی حکومت کے نسل کشی کے ایجنڈا، خطہ کی حیثیت تبدیل کرنے کی غیر قانونی اقدام کے خلاف کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تمام پاکستانی کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیلئے جمعہ کو آدھے گھنٹے کیلئے سب کام چھوڑ کرے باہر نکل آئیں۔
جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ دوپہر 12 بجے سے 12:30 تک باہر نکلیں اور مقبوضہ وادی میں کشمیری بھائیوں کو واضح پیغام دیں کہ پاکستانی قوم بھارت کے جبر،فسطائیت، 24 روزہ انسانیت کش کرفیو، خواتین اور بچوں سمیت کشمیری شہریوں کی روزانہ کی بنیاد پر شہادتوں و زخمی کرنے کے واقعات، مودی حکومت کے نسل کشی کے ایجنڈا اور خطہ کی حیثیت تبدیل کرنے کی غیر قانونی اقدام کے خلاف کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بدلنے کا بھارتی منصوبہ چوتھے جنیوا کنونشن کے تحت جنگی جرم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں کشمیریوں کو بھرپور پیغام دینا ہے کہ ہماری قوم مکمل طور پر ان کے ساتھ کھڑی ہے، اس لئے میں تمام پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ جمعہ کو آدھے گھنٹے کے لئے سب کام چھوڑ کر باہر نکل آئیں اور کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں۔اس مقصد کے لیے حکومت نے کل جمعہ کے روز اسلام آباد کے تمام چوراہوں پر12 بجے ٹریفک سگنل ’ریڈ‘ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔