وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری ملاقات ستمبر میں متوقع یہ ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے سائیڈ لائن پر ہوگی

 
0
314

اسلام آباد جولائی 29 (ٹی این ایس): وزیراعظم پاکستان عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری ملاقات رواں برس ستمبر میں ہونے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین رواں سال ستمبر میں نیویارک میں دوبارہ ملاقات متوقع ہے جس میں افغان امن عمل اور پاک بھارت تعلقات کے ساتھ ساتھ معیشت، دفاع اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت گی۔
قومی اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں کے مابین یہ ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے سائیڈ لائن پر ہوگی جہاں وزیراعظم عمران خان پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ دیگر عالمی رہنماؤں کی طرح امریکی صدر بھی وہاں موجود ہوں گے ۔سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین مختصر عرصے میں دوبارہ ملاقات کا ہونا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستان اور امریکہ ماضی کی تلخیاں پس پشت ڈال کر آگے بڑھ رہے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی ختم ہوگئی ہے اور آنے والے دنوں میں باہمی معاشی، دفاعی اور توانائی کے شعبہ میں تعلقات میں وسعت دیکھنے میں آئے گی۔
وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین ملاقات کے امکان پر وزیرخارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی بھی بات کرچکے ہیں اور انہوں نے وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ امریکہ کو انتہائی اہم قراردیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں میں جہاں افغان امن عمل پر تفصیلی بات چیت ہوگی،وہاں پاک بھارت تعلقات بھی زیربحث آئیں گے ، وزیراعظم عمران خان ایک طرف جہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کے حل پر زور د یں گے وہیں دوسری جانب وہ امریکی صدر کے ساتھ ملاقات میں بھی اس اہم تنازعہ کے حل کی اہمیت کو اجاگر کریں گے ۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان اپنے دورہ نیویارک میں امریکی صدر کے علاوہ دیگر اہم عالمی رہنماؤں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے جن میں علاقائی اور عالمی معاملات پر بات چیت گی۔ خیال رہے کہ حال ہی میں وزیراعظم عمران خان نے امریکہ کا کامیاب دورہ کیا تھا جس کے دوران وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر سے ملاقات بھی کافی کامیاب رہی جسے عالمی میڈیا کی توجہ بھی حاصل رہی تھی۔