نواز شریف پر مشکل وقت، اہم لیگی رہنماؤں نے ساتھ چھوڑ دیا

 
0
332

لاہور جولائی 29 (ٹی این ایس): سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف پر مشکل وقت آیا تو پارٹی میں سرگرم رہنے والے کئی اہم رہنما ان کا ساتھ چھوڑ گئے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے اہم سمجھے جانے والے رہنما پارٹی قیادت پر مشکلوں کا پہاڑ ٹوٹنے کے بعد یا تو بیرون ملک روانہ ہو گئے یا پھر چُپ چاپ منظر عام سے غائب ہو گئے ہیں۔ ان میں سے کئی رہنما ایسے بھی ہیں جو پارٹی کے اندرونی اختلافات اور دھڑے بندی کی وجہ سے تنگ آ کر پارٹی معاملات سے علیحدہ ہو گئے ہیں جبکہ کچھ رہنما مریم نواز کی پیروی نہ کر سکنے اور ان کو لیڈر نہ ماننے کی وجہ سے غائب ہو گئے۔
اس حوالے سے قومی اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا کہ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے سرکردہ رہنما بدلتی سیاسی صورتحال کے بعد آئندہ کی سیاست کے رخ کا تعین کریں گے ۔نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز شریف کے الگ الگ بیانیے کے بعد ن لیگ کی پالیسوں کا دفاع کرنے کے لیے اب صرف مصدق ملک اور مریم اورنگزیب ہی میدان میں رہ گئے ہیں۔
جبکہ دیگر رہنماؤں اور ارکان اسمبلی نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ ایسی صورتحال میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پنجاب کے بہت سے حلقوں سے مسلم لیگ ن کا اب صفایا ہونے والا ہے۔ اس کے علاوہ پارٹی کے متعدد اہم رہنما مریم نواز کی پالیسیوں اور سخت ردعمل کے خلاف ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مصلحت کے ساتھ درمیانی راہ نکالی جائے ۔
پارٹی میں اندرونی طور پر اب چودھری نثار کے مؤقف کی بھی برملا حمایت کی جا رہی ہے ۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف متعدد ملاقاتوں کے باوجود نواز شریف کے رویے میں نرمی اور مؤقف میں تبدیلی لانے میں کامیاب نہیں ہو سکے جبکہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے میں بھی کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔ سیاسی مبصرین نے موجودہ صورتحال کو کافی دلچسپ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے حالات میں مسلم لیگ ن آئندہ کچھ عرصہ میں بکھر جائے گی ، تمام رہنما اپنی اپنی راہ لیں گے اور ہو سکتا ہے کہ مریم نواز کی احتجاجی سیاست کو بھی مزید ہوا نہ ملے۔