وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا حافظ آباد کے علاقے کولو تارڑ میں خطاب۔ نیا پاکستان منزلیں آسان پراجیکٹ کے تحت حافظ آباد میں سڑکوں کی تعمیر کے پہلے منصوبے کا آغاز

 
0
1317

لاہور ستمبر 03 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا حافظ آباد کے علاقے کولو تارڑ میں خطاب۔ نیا پاکستان منزلیں آسان پراجیکٹ کے تحت حافظ آباد میں سڑکوں کی تعمیر کے پہلے منصوبے کا آغاز۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ بنانے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ ”نیا پاکستان منزلیں آسان“ پراجیکٹ کا آغاز حافظ آباد سے کر رہے ہیں۔ ”نیا پاکستان منزلیں آسان“ پراجیکٹ کے تحت حافظ آباد میں سڑکو ں کی تعمیر کے چار پراجیکٹ مکمل کئے جائینگے۔ تقریباً 29 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر پر 32 کروڑ 37 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ آج سندھواں تارڑ  سے سڑک کی تعمیر و مرمت کا آغاز کیا جا رہا ہے۔  اس سڑک کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو آمد و رفت کی سہولت ہوگی بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ ”نیا پاکستان منزلیں آسان“ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 1236 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیرو مرمت کی جا رہی ہے۔ پنجاب کے دیہات میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے پہلے مرحلے پر15 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام 5 سال تک جاری رہے گا۔ پنجاب کے دیہات میں کارپٹڈسڑکیں بنائیں گے۔ ”نیا پاکستان منزلیں آسان“کے دوسرے مرحلے کا آغاز جنوری 2020ء میں ہو گا اور 31 دسمبر تک مکمل ہو گا۔ حافظ آباد کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کو اپ گریڈ اور سڑکوں کی حالت کو بہتر بنائیں گے۔ حافظ آباد اور ڈیرہ غازی خان میں مجھے کوئی فرق نہیں لگتا۔

حافظ آباد والوں کا خلوص دیکھ کر لگتا ہے ڈیرہ غازی خان اپنے گھر  آیا ہوں۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں  حافظ آباد کے 67 ترقیاتی منصوبے بھی شامل ہیں۔ حافظ آباد میں اے ڈی پی کے منصوبے 5 ارب 44 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے۔ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت حافظ آباد ضلع میں ترقیاتی سکیموں کیلئے 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ ایس ڈی جی پروگرام کے تحت بھی دیہات کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مزید 15 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ بچیوں کیلئے  12 کروڑ 66 لاکھ روپے کی لاگت سے حافظ آباد شرقی سائیڈ پر گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین قائم کر دیا گیا ہے۔ پنڈی بھٹیاں میں ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا ایمرجنسی سروس سینٹر اپنی خدمات کا آغاز کر رہا ہے۔ تجاوزات کے خلاف حکومت پنجاب کی مہم کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے۔ حافظ آباد ضلع میں 794 کنال اراضی قابضین سے واگزار کرائی گئی ہے۔ ایک ارب 64 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کی واگزار کرائی گئی 58  کنال سرکاری اراضی پر شجرکاری کی جا رہی ہے۔ وفاقی حکومت کے اشتراک سے پانچ سال کے دوران 50کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔  رواں برس موسم برسات کے دوران 90لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔  مجھے یقین ہے کہ شہری اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ عوام ملک کو سرسبزوشاداب بنانے میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں گے۔ ایم این اے شوکت بھٹی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت میاں مامون جعفر تارڑ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ صوبائی وزیر سیاحت رائے تیمور بھٹی، رکن پنجاب اسمبلی میاں احسن جہانگیر بھٹی، نواب گزیں عباسی، سینئر سیاست دان مہدی حسن بھٹی بھی موجود تھے۔