با با گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کیلئے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی زیر صدارت اجلاس ٗمختلف امورپرتبادلہ خیال

 
0
786

لاہوراکتوبر 23(ٹی این ایس ) با با گورو نانک دیو جی کے 548ویں جنم دن کی تقریبات کے لیے دوسرا اعلی سطحی انتظامی اجلاس چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق کے زیر صدارت کیمپ آفس زمان پارک میں منعقد ہواجس میں، ایڈیشنل سیکر ٹری شرائن طارق خان وزیر ، سکھ رہنماء سرداربشن سنگھ ،ڈپٹی سیکرٹر ی عمران گوندل ، ڈپٹی سیکرٹری فراز عباس، پی آراو عامر حسین ہاشمی سمیت امور داخلہ،خارجہ، پولیس، فوج، رینجرز، مختلف اضلاع کے ڈی سی او، ڈی پی او، واپڈا، کسٹمز،ریلوے ،امیگریشن اور دیگر اہم اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے بعد چیئرمین محمد صدیق الفاروق نے گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کے حوالے میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مرتبہ پہلے سے بہتر فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔تمام ادارے ہمارے ساتھ تعاون کررہے ہیں ،مقدس پانی امرت جل کے پلانٹ کا کام مکمل ہو گیا ہے جس سے یاتریوں کی درینہ خواہش کی تکمیل ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے گزشتہ روز انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کا دورہ کیا جہاں پر تعمیر و ترقی اور تزئین آرائش کے کام مکمل کر لیے گئے ہیں ،جبکہ گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں بھی تمام ترقیاتی کام مکمل ہیں اور یاتریوں کو درپیش پانی کے مسئلہ کا مستقل بنیادوں پر حل کر دیا گیا ہے جبکہ گورو داروں کو دلہن کی طر ح سجا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یاترا پرموٹرز کو نیشنل سٹینڈرڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے رجسٹرڈ کر لیے ہیں جسکی وجہ سے آئندہ 5ہزار سے زائد یاتری صرف مغربی ممالک سے پاکستان آئیں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ننکانہ صاحب میں مقامی گروہ کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ننکانہ صاحب میں بابا گور نانک انٹر نیشنل یونیورسٹی کا قیام ناگزیر ہو گیا تھا لیکن اب انہیں اس بات کا احساس ہو گیا ہے اور وہ خود کوشش کر رہے ہیں کہ ننکانہ صاحب میں یورنیورسٹی بن جائے ۔ انکا مزیدکہنا تھا کہ 4نومبر سے پہلے اس معاملہ کو بھی حل کر لیے جائے گا تاکہ تعلیم اور اقلیتوں کی خدمت کے حوالے سے اس مقدس کام کی جلد از جلد تکمیل ہوسکے ۔انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مناسب کوریج سے پوری دنیا میں پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔سکھ یاتری2نومبر کو بھار ت سے خصوصی ٹرین کے ذریعے واہگہ ریلوے سٹیشن پر آئیں گے جبکہ مرکزی تقریب گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں 4نومبر کو ہو گی جس میں ہندو مسیحی اور مسلم رہنماؤں سمیت مختلف سیاسی و سماجی رہنماء بھی شریک ہوں گے سکھ یاتر ی دورہ مکمل کرنے کے بعد 11نومبر کو واپس بھارت جائیں گے ۔