محرم الحرام کی تعطیلات کے بعد پارک انکلیو-I کا باقی ماندہ ترقیاتی کام دوبارہ شروع کر دیا گیا

 
0
965

اسلام آباد ستمبر 18 (ٹی این ایس): محرم الحرام کی تعطیلات کے بعد پارک انکلیوI- کا باقی ماندہ ترقیاتی کام دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔
پارک انکلیوI- کا باقیماندہ ترقیاتی کام محرم الحرام اور ہفتہ وار تعطیلات کے باعث سست روی کا شکار تھا تاہم متعلقہ شعبے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پارک انکلیوI- کے باقیماندہ ترقیاتی کام کو تیزی کے ساتھ مکمل کریں جبکہ پارک انکلیو میں زیر تعمیر پل کے تعمیراتی کام کی تکمیل کے لیے ٹسٹ پائلنگ (Test Pilling) حتمی مراحل میں ہے۔ اس ضمن میں ہدایت کی گئی ہے کہ پل کی تعمیر اور اس سے متعلقہ دیگر تعمیراتی کام بشمول پروٹیکشن اور ارتھ ورک کوایک ساتھ مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے۔

سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بدھ کے روز اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جی ٹی روڈ پر قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے نوٹس جاری کئے تھے تاہم نوٹس کی معیاد ختم ہونے کے بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے نوٹس کے باوجود تجاوزات نہ ہٹانے والوں کا سامان ضبط کر کے سی ڈی اے کے سٹور میں جمع کروا دیا۔

اسی طرح کی ایک اور انسداد تجاوزات کاروائی کے دوران 06 کمروں کو مسمار کر دیا گیا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیموں نے فیض آباد کے علاقے میں سڑک کے دونوں اطراف کی تجاوزات کو ختم کر کے وہاں سے اٹھایا جانے والا 02 ٹرک سامان بھی ضبط کر کے سٹور میں جمع کرا دیا جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10-مرکز میں چنبیلی روڈ پر لگائی گئی ریڑھیاں بھی ضبط کر کے سی ڈی اے سٹور میں جمع کرا دی گئیں۔