ترک صدر طیب اردوان نے 24 اکتوبر کو پاکستان آنے کا اعلان کر دیا

 
0
476

اسلام آباد ستمبر 27 (ٹی این ایس): تُرک صدر طیب اردوان نے پاکستان آنے کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق سفارتی ذرائع نے بتایا کہ تُرک صدر طیب اردوان 24 اکتوبر کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئیں گے۔ اس موقع پر تُرکی کا اہم کاروباری اور تجارتی وفد بھی تُرک صدر کے ہمراہ ہو گا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق طیب اردوان کو وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائنز پر دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کر لی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ہی دورہ پاکستان کی تصدیق بھی کر دی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ترک صدر کے دورہ پاکستان کی تفصیلات آئندہ ہفتے تک طے کر لی جائیں گی، اس حوالے سے پاک ترک دفتر خارجہ نے تفصیلات طے کرنا شروع کر دی ہیں۔ ترک صدر کے دورے کے حوالے سے پلان اکتوبر کے پہلے ہفتے میں طے کر لیا جائے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد تُرک صدر طیب اردوان کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔
واضح رہے کہ تُرکی پاکستان کا اچھا دوست ملک ہے ۔ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی حمایت کرنے والے ممالک میں تُرکی پیش پیش تھا۔ جبکہ دو روز قبل ترک صدر نے پاکستان سے دوستی کا حق ادا کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر بھی اُٹھایا تھا۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا تھا کہ جنوبی ایشیا میں استحکام و خوشحالی کو مسئلہ کشمیر سے الگ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود 80 لاکھ افراد مقبوضہ کشمیر میں محصور ہیں، محفوظ مستقبل کے لیے مسئلہ کشمیر کا جنگ کے بجائے مذاکرات سے حل لازمی ہو گیا ہے۔