سیکٹر D-12میں سڑکوں کی بحالی اور مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے

 
0
287

اسلام آباد اکتوبر 07 (ٹی این ایس): سیکٹر D-12میں سڑکوں کی بحالی اور مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔ بحالی کے اس کام کے سلسلے میں اب تک سیکٹرD-12میں ایک لاکھ مربع فٹ سڑکوں کی کارپیٹنگ مکمل کی جا چکی ہے جبکہ سیکٹر کے باقیماندہ حصوں میں کام بھرپور طریقے سے جاری ہے۔سڑکوں کی کارپیٹنگ کا یہ کام سی ڈی اے کا مشینری پول آرگنائزیشن (MPO) ڈائریکٹوریٹ کر رہا ہے۔اپنے وسائل سے کارپیٹنگ کا کام کرنے سے ادارے کومنصوبے پر آنے والی لاگت کی مد میں خاطر خواہ بچت ہو رہی ہے۔ روڈ کارپیٹنگ کا یہ کام کنٹریکٹر کے مقابلے میں ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے کرانے سے سی ڈی اے کو تقریباً 37 فی صد بچت ہو رہی ہے۔ اپنے وسائل پر انحصار کرنے پر جہاں منصوبے پر کم لاگت آرہی ہے وہاں ادارے کی استعداد کار میں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اب تک سیکٹر D-12 کے میجر روڈ III-اور سروس روڈ نارتھ پر کارپیٹنگ کا کام مکمل کر دیا گیا ہے جبکہ سیکٹر کی دیگر سڑکوں پر کام جاری ہے۔ سیکٹر D-12میں بحالی کے کاموں کے لیے شروع کیے گئے اس منصوبے کے تحت سیکٹر کی تمام میجر روڈ ز،سروس روڈز، مراکز، کلاس تھری مارکیٹس اور سیکٹر میں موجودہ دیگر روڈوں کی کارپیٹنگ اور تعمیرو مرمت کے علاوہ سیکٹر کے باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کو بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔
سی ڈی اے نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ادارہ ترقیاتی کاموں میں کام کے اعلیٰ معیار اور عالمی ماحولیاتی تقاضوں کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کم خرچ کی پالیسی پر عمل پیرا رہے گا۔