وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اسٹیل ملز چین کو دینے کا فیصلہ کر لیا

 
0
255

اسلام آباد اکتوبر 07 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے اسے چین کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے حکومتی سطح پر معاہدے کے تحت پاکستان اسٹیل ملز چین کو دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ دورہ چین کے دوران وزیراعظم عمران خان کئی بلین ڈالرز کے ریلوے مین لائن ایم ایل ون پراجیکٹ کی فنانسنگ کے لیے بھی راستہ تلاش کریں گے۔
دورہ چین کے دوران وزیراعظم عمران خان چینی حکام کو اس بات کی یقین دہانی کروائیں گے کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر کام تاخیر کا شکار نہیں ہو گا۔ حکومتی عہدیدار کے مطابق حکومت پاکستان بنجی ڈیم کی تعمیر کے لیے بھی چین سے مدد طلب کرے گی۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان علاقائی اور دو طرفہ اہمیت کے حامل معاملات پر تبادلہ خیال اور چینی قیادت سے ملاقات کے لیے آج چین کے 3 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان حالیہ دورے میں چینی صدر شی جن پنگ اور چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان زرعی، صنعتی اور سماجی و اقتصادی شعبوں میں تعاون کے علاوہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت منصوبوں میں توسیع پر تبادلہ خیال کریں گے۔ جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور معیشت کو فروغ دینے کے لیے چین پاکستان بزنس فورم سے خطاب کریں گے اور چینی انٹرپرینیورز سمیت مختلف کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
خیال رہے کہ یہ وزیراعظم عمران خان کا ایک سال میں چین کا یہ تیسرا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل انہوں نے رواں برس اپریل میں چین کا 4 روزہ سرکاری دورہ کیا تھا۔ جبکہ گذشتہ برس بھی وزیراعظم عمران خان نے چین کا دورہ کیا تھا۔