پاکستان نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق بھارتی بیانیہ مسترد کر دیا

 
0
262

اسلام آباد اکتوبر 07 (ٹی این ایس): پاکستان نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق بھارت کا بیان مسترد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے اپنے بیان میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق بھاری بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان پاکستان کے ان خدشات کی تصدیق کرتا ہے کہ بھارت اپنے مذموم مقاصد کے لیے ایف اے ٹی ایف کے اجلاسوں کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایشیاء پیسفک گروپ میں اپنی معاون چیئرمین شپ کا غلط استعمال کررہا ہے اور ایف اے ٹی ایف کی پاکستان سے متعلق پروسیڈنگز پر اثر انداز ہورہا ہے۔ بھارتی وزیر دفاع کا ایف اے ٹی ایف سے متعلق بیان حقائق کے منافی ہے، پاکستان اس سلسلے میں اپنے تحفظات رکن ممالک کے سامنے رکھ چکا ہے۔ ارکان بھارت کی اِن گُمراہ کُن سازشوں میں نہیں آئیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف مسلسل ہرزہ سرائی اور واضح طرفداری اس کے ایشیا پیسفک گروپ (اے پی جی) کی مشترکہ صدارت کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے جو ایف اے ٹی ایف کے لائحہ عمل پر عملدرآمد کے حوالے سے پاکستان کی پیش رفت کا جائزہ لے رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس سے قبل بھی پاکستان کے خدشات سے ایف اے ٹی ایف اراکین کو آگاہ کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے یکم اکتوبر کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایف اے ٹی ایف دہشت گردی کی مالی معاونت پر پاکستان کو کسی بھی وقت بلیک لسٹ کرسکتا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے اہداف پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔ پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس میں بلیک لسٹ نہیں ہوگا۔اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی درجہ بندی گرنے کی بجائے مزید بہتر ہوگی۔