آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کی جیت پر دی سینٹورس انتظامیہ کی طرف سے کرکٹ ٹیم کو نقد انعامات

 
0
301

اسلام آباد جولائی20(ٹی این ایس): آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی 2017کی تاریخی جیت پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے دی سینٹورس مال انتظامیہ نے ٹیم کے اعزاز میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا۔تقریب کا انعقاد سینٹورس کی تعمیراتی کمپنی کے شاندار رہائشی منصوبے تاج ریذیڈنشیاء میں کیا گیا۔تاج ریذیڈنشیاء پہنچنے پرپاک گلف کنسٹرکشن (پرائیویٹ) لمیٹیڈ کے عملے اور سینٹورس انتظامیہ نے ٹیم کا والہانہ استقبال کیا۔اپنے غیر رسمی خطاب کے دوران جنرل منیجر دی سینٹورس مال، کموڈور(ریٹائرڈ) عرفان الحق نے ٹورنامنٹ بالخصوص فائنل میچ کے دوران کھلاڑیوں کے ٹیم ورک اور جذبے کو سراہا جس کے نتیجے میں پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہوا۔

جی ایم مال نے ٹیم کی کارکردگی پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ آئی سی سی چمپیئن ٹرافی کی جیت پر پاکستانی قوم کو فخر ہے اور اس جیت کی خوشی کو کرکٹ ٹیم کے ہیروز کے ساتھ منانا ایک خوشگوار احساس ہے۔جی ایم نے پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو بھی سراہا جنہوں نے ٹیم کو متحد کیا اور ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے یہ شاندار فتح حاصل کی۔پاک گلف کنسٹرکشن (پرائیویٹ) لمیٹیڈ کے صدر سردار تنویر الیاس خان کی طرف سے سینٹورس انتظامیہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ٹیم کے کیپٹن سرفراز احمد کو تاج ریذیڈنشیا میں ایک کنال کا پلاٹ دیا گیا۔فائنل میں بھارت کے خلاف یادگار سنچری بنانے والے فخر زمان کو پانچ لاکھ کا نقد انعام جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو دو دو لاکھ روپے نقد انعام دیا گیا۔ پہلی دفعہ چمپیئنز ٹرافی جیتنے پر جنرل منیجر سینٹورس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام ،مینجمنٹ،سلیکشن کمیٹی اور پوری کرکٹ ٹیم کی تعریف کی۔انہوں نے مزید کہا کہ فائنل میں روایتی حریف کو شکست دے کرپاکستانی ٹیم نے اس جیت کی خوشی کو دوبالا کر دیا۔تقریب میں پاکستانی ٹیم ، ٹیم آفیشل، پی سی بی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئر مین جناب نجم سیٹھی ، میڈیا کی نامور شخصیات اور مقامی و غیر ملکی شخصیات نے شرکت کی۔سینٹورس کی انتظامیہ نقد انعام کی تفویض کے ذریعے ہمیشہ سے پاکستان کے با صلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتی رہی ہے اور مستقبل میں قومی اور عالمی سطح پر قومی ہیروز اور با صلاحیت نو جوانوں کو متعارف کروانے اور ان کو سہولیات کی دستیابی کے سلسلے میں کوشاں رہے گی۔