عالمی میڈیا ہانگ کانگ احتجاج کی طرح کشمیرکو بھی کوریج دے، عمران خان

 
0
496

اسلام آباد اکتوبر 11 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے عالمی دنیا کو باور کروایا ہے کہ عالمی میڈیا ہانگ کانگ احتجاج کی طرح کشمیرکو بھی کوریج دے، ہانگ کانگ تو چین کا حصہ ہے لیکن مقبوضہ کشمیر توہندوستان کا حصہ نہیں ہے،مودی نے آخری پتا کھیل کربڑی حماقت کردی،کشمیریوں میں موت کا خوف ختم ہوچکا،جیسے کرفیو اٹھے گا لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکلیں گے، یہی راستہ کشمیریوں کی آزادی کا راستہ ہے، احتجاج میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔
وزیراعظم عمران خان آج اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ ریلی سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80لاکھ انسانوں کو ہندوستان کی فوج نے کرفیومیں بند کیا ہوا ہے، عالمی میڈیا ہانگ کانگ کی مووومنٹ کو تو فرنٹ پیج پر دکھاتا ہے، دو چار لوگ ہلاک ہوئے اور دو چار زخمی ہوئے ہیں، لیکن یہاں سب کو گھروں میں بند کیا ہوا ہے ، عالمی میڈیا میں کوریج نہ ہونے کے برابر ہے، پچھلے ایک سال میں ایک لاکھ کشمیریوں کی شہادت ہوئی ہے۔
کیونکہ وہ اپنی زندگی کا خود فیصلہ کرنے کا حق مانگتے ہیں، اس کیلئے وہ احتجاج کرتے ہیں اور سامنے کھڑی ہندوستانی فوج ظلم وجبر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا یہ دوہرا معیار ہے کہ عالمی میڈیا ہانگ کانگ میں احتجاج کو دکھا رہا ہے جو کہ چین کا حصہ ہے جب کشمیر جو انڈیا کا حصہ نہیں ہے۔ لیکن یہاں تجارت اور پیسا ملکوں کیلئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں، اللہ انسان کے ہاتھ میں کوشش دی ہے، کامیابی اللہ دیتا ہے، نماز میں بھی انسان سیدھا راستہ دکھانے کی بات کرتا ہے، ہم کوشش کررہے ہیں ، ہم کشمیریوں کیلئے پوری جدوجہد کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ انشاء اللہ دیکھیں گے کہ ہماری تحریک کشمیریوں کے حقوق کیلئے تحریک ہے، یہ سمندر بن جائے گی، میں نے امریکا میں جاکرجب عالمی لیڈر کوسمجھایا تو ان کو پتا نہیں تھا لیکن اب بات پھیلنا شروع ہوگئی ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ، اور عالمی دنیا میں کبھی اس سے پہلے اتنی کوشش اور بیان بازی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ مودی نے بڑی حماقت کردی ہے،مودی نے آخری پتا کھیل دیا ہے اور سمجھتا ہے کہ بھیڑ بکریوں کی طرح کشمیری لوگ مان جائیں گے؟ کیونکہ ہندوستان نے اپنا غیرآئینی طور پر آئین بدل دیا ہے،لیکن کشمیری جس جگہ پہنچ گئے ہیں اور جس طرح جدوجہد کی ہے، کشمیریوں میں موت کا خوف ختم ہوچکا ہے،جیسے کرفیو اٹھے گا لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکلیں گے، یہ جو مجھے راستہ نظرآرہا ہے،یہی راستہ کشمیرکے لوگوں کی آزادی کا راستہ ہے۔