وزیراعظم عمران خان نے پارٹی میں چل رہے اختلافات کا نوٹس لے لیا

 
0
229

اسلام آباد اکتوبر 10 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے پارٹی میں چل رہے اختلافات کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے پارٹی میں چل رہے اختلافات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ سندھ اسمبلی میں پارٹی اراکین کیوں آپس میں لڑ رہے ہیں؟ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کی مرکزی قیادت نے گورنر سندھ سے اختلافات کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم کی جانب سے نوٹس لینے کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمانی پارٹی کا اجلاس گورنر ہاؤس میں جمعہ کے روز طلب کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریکِ اںصاف کے کئی اراکین سندھ اسمبلی قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی سے ناراض ہیں اور بیشتر اراکین قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کے خواہشمند بھی ہیں۔ اب وزیراعظم عمران خان نے اس حوالے سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
دوسری جانب سینئیر تجزیہ کار و صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا ہے کہ اس وقت وزیراعظم عمران خان کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو رہی لیکن اگر یہ کہا جائے کہ سب کے سب ادارے ایک پیج پر ہیں۔ تو اس چیز کی وضاحت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثال کے طور پر عدلیہ کی کوئی شخصیت ہو اور اُن سے کہا جائے کہ کیا آپ پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیں گے ؟ تو وہ کہیں گے کہ ٹھہر جاؤ ، میرا تعلق عدالت سے ہے ، میرا تعلق عدلیہ سے ہے۔
یہ سیاسی سوال ہے اور میرا تعلق سیاست سے نہیں ہے۔ جب آئین اور قانون کی بات آئے تو مجھ سے سوال کریں۔ ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ ایک پیج پر ہونا ایک عجیب سی بات ہے۔ سب کے سب ادارے ایک پیج پر نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ ایک ادارہ ہے اور وہاں بھی کئی جماعتیں موجود ہیں ، اگر پارلیمنٹ میں بھی اختلافات ہوتے ہیں تو پھر ادارے کیسے ایک پیج پر ہو سکتے ہیں۔