بیس سال میں نواز شریف کے اثاثے 2.7 ملین سے بڑھ کر 1.8 بلین روپے ہونے کا انکشاف

 
0
268

لاہور اکتوبر 11 (ٹی این ایس): سابق وزیراعظم نواز شریف کے اثاثے گذشتہ بیس سالوں میں 2.7 ملین روپے سے بڑھ کر 1.8 بلین روپے ہونے کا انکشاف ہوا۔ اس حوالے سے میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ 1993 سے لے کر 2013ء تک کے بیس سالہ سیاسی کیرئیر میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے اثاثے 2.7 ملین روپے سے بڑھ کر 1.8 بلین روپے ہوگئے۔ 2012ء میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے کُل اثاثوں کی مالیت 261.6 ملین روپے تھی۔
لیکن یہ اثاثے چھ گنا اضافے کے ساتھ حیرت انگیز طور پر 2013ء میں 1.82 بلین روپے تک جا پہنچے۔ اس سال نواز شریف پاکستان کے تیسری مرتبہ وزیراعظم بنے تھے۔ اور پہلی مرتبہ ان کے ارب پتی ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔ جبکہ 2014ء کے دوران نواز شریف کے اثاثے 2 بلین روپے کی حد بھی پار کر گئے لیکن ان اثاثوں کی مالیت میں 2015ء میں کچھ کمی دیکھنے میں آئی جب میاں صاحب کے اثاثوں کی مالیت 1.96 ملین روپے ہو گئی۔
اس سے قبل 2011ء میں نواز شریف کے اثاثوں کی کُل مالیت 166 ملین روپے تھی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے قانون سازوں کی جانب سے 2017ء میں جاری کیے گئے بیانات کے مطابق نواز شریف کے کُل اثاثوں کی مالیت میں 30 جون 2016ء کو مزید کمی آئی جس کے تحت ان کے اثاثے 1.72 بلین روپے ہو گئے۔ نواز شریف کے اثاثوں میں ہونے والا یہ اضافی کافی حد تک ہوشربا تھا کیونکہ 1993ء میں تو ان کے اثاثوں کی مالیت محض 2.7 ملین روپے تھی۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق 1986ء میں نواز شریف کے اثاثوں کی مالیت 0.13 ملین روپے سے کچھ زیادہ تھی جس میں 1993ء کے بعد سے ہر گزرتے سال کے ساتھ ہوشربا اضافہ ہوتا چلا گیا۔ ان اثاثوں میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے بچوں کی ملکیت اثاثے بھی شامل ہیں۔