سی ڈی اے کے 55 افسران اور ملازمین کو دفتری اوقات کی پابندی نہ کرنے پر جواب طلبی کے لیٹر جاری

 
0
377

اسلام آباد اکتوبر 11 (ٹی این ایس): سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر سی ڈی اے کے 55 افسران اور ملازمین کو دفتری اوقات کی پابندی نہ کرنے پر جواب طلبی کے لیٹر جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اس ضمن میں سی ڈی اے کے ایچ آر ڈی ڈائریکٹوریٹ نے 55 افسران اور ملازمین کو جواب طلبی کے لیٹر جاری کیے ہیں۔
دفتری اوقات کی پابندی کو ملحوظ خاطر رکھنے کے لیے ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ سی ڈی اے عوام الناس کے مسائل اور ان کے حل کرنے کا ادارہ ہونے کے باعث افسران اور ملازمین نہ صرف دفتری اوقات کی پابندی کریں بلکہ دفتری نظم و ضبط کو قائم رکھیں تاکہ لوگوں کے مسائل کو حل کی جا سکے تاہم بعض افسران اور ملازمین نے ان ہدایات کو نظر انداز کیا جس کی وجہ سے شہریوں کو دی جانے والی سہولیات اور سروسز کی فراہمی متاثر ہوئی۔
اس ضمن میں سی ڈی اے کے سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ نے اچانک حاضری چیک کی جس میں 55 افسران و ملازمین دفتر سے غیر حاضر پائے گئے یا دفتر تاخیر سے آئے۔ افسران اور ملازمین کے اس رویے کو سی ڈی اے انتظامیہ نے سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان افسران اور ملازمین سے جواب طلب کر لیا ہے اور ایچ آر ڈی ڈائریکٹوریٹ نے 55 افسران اور ملازمین کو جواب طلبی کے لیٹر جاری کر دیئے ہیں اور ان افسران / ملازمین کی طرف سے تسلی بخش جواب موصول نہ ہونے پر ان کے خلاف سی ڈی اے سروس ریگولیشنز1992 ؁ء کے تحت انضباطی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے وقتاً فوقتاً افسران اور ملازمین کو دفتری اوقات کی پابندی کے ساتھ دفتری اوقات سے پہلے دفتر نہ چھوڑیں تاکہ دفتر میں دفتری نظم و ضبط کو قائم رکھا جا سکے جبکہ شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے دی جانے والی سروسز میں سستی، غفلت کے علاوہ دفتری نظم و ضبط کو برقرار نہ رکھنے والوں کے خلاف انضباطی کاروائی کی جائے گی اور اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔