ریاستی اداروں سے تصادم نہیں چاہتے ،حکومت نے تشدد کا راستہ اپنایا تو بدلہ لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مولانا فضل الرحمن کا انتباہ

 
0
326

اسلام آباد اکتوبر 12 (ٹی این ایس): جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے واضح کیا ہے کہ ہم ریاستی اداروں سے تضادم نہیں چاہتے تاہم اگر حکومت نے آزادی مارچ میں تشدد کا راستہ اختیار کیا، آج نہیں تو کل، کل نہیں تو پرسوں بدلہ لینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،کوئی ادارہ ہم سے ہمارا حق نہ چھینے،ووٹ چوری کرکے جبراً مسلط ہونے کا کوئی حق نہیں،پاکستان میں صرف دو لوگ ملازمت کے لیے آئے، ایک اسٹیٹ بینک کا گورنر اور ایف بی آر کا چیئرمین، دونوں آئی ایم ایف کے نمائندے ہیں، اسی لیے ہمیں تحفظات ہیں،پوری قوم ناجائز اور نااہل حکومت کو چلتا کرنے کیلئے تیار ہے،27اکتوبر سے دور دراز علاقوں میں اسلام آباد کیلئے مارچ شروع ہو جائیگا ،31اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت میں مارچ داخل ہوگا ۔
ہفتہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پوری قوم ناجائز اور نااہل حکومت کو چلتا کرنے کیلئے تیار ہے،پوری قوم آزادی مارچ میں شامل ہونے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوںنے کہاکہ ستائس اکتوبر سے اسلام آباد کیلئے مارچ شروع ہوجائے گا،31 اکتوبر کو اسلام آباد میں مارچ داخل ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ تمام اپوزیشن کی جماعتوں شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کا مارچ میں شامل ہونے کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوںنے کہاکہ بہت کم ہوا ہے قومی سطح پر حکومت کے خلاف یکجہتی پائی جاتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کسی ادارہ سے محاز آرائی کے بغیر پرامن مارچ کرینگے،اداروں سے تصادم نہیں چاہیں گے۔مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ حکومت عقل کے ناخن لے،حکومت نے تشدد کا راستہ اختیار کیا،آئینی قانونی حق چھینا تو انتقام لیں گے۔ انہوںنے کہاکہ حق چھینا گیا تو آج نہیں تو کل انتقام لیں گے۔
انہوںنے کہاکہ کوئی ادارہ ہم سے ہمارا حق نہ چھینے،ووٹ چوری کرکے جبراً مسلط ہونے کا کوئی حق نہیں۔ انہوںنے کہا کہ پہلے دن سے ان کا حق حکمرانی تسلیم نہیں کیا،ان کو مستعفی ہونا ہوگا۔مولانافضل الرحمن نے کہاکہ پوری تاجر برادری اس وقت احتجاج پر ہے،پاکستان کی تاریخ کی تاجروں کی ہڑتال جاری ہے،حالات ملک کو ہڑتالوں کی طرف لیجایا جارہا ہے،کہا جارہا تھا کہ لوگ باہر سے نوکری کرنے پاکستان آئیں گے لیکن صرف دو بندے نوکریاں کرنے پاکستان آئے ہیں، ایک چیئرمین ایف بی آر اور دوسرا گورنر سٹیٹ بنک،ہمیں ان دونوں کی تعیناتی پر اعتراض ہے۔
انہوںنے کہاکہ جو لوگ دہری شہریت رکھتے ہیں اور عالمی اداروں کے ملازم ہیں، پہلے تو یہ طے کرنا ہوگا کہ ان کی نظرمیں پاکستان کا مفاد اول ہے یا نہیں، ملکی مفاد پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ عوام کو کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوںنے کہاکہ ایک کروڑ نوکریاں کیا دی گئیں 15 لاکھ لوگوں کو بیروزگار کیا گیا،نااہلی کیوجہ سے معیشت گرگئی تاجر ہڑتالوں پر ہے۔
انہوںنے کہاکہ تاریخ کی کامیاب ہڑتال تاجروں نے کی،تاجروں کے جائز مطالبات نہیں مانے جارہے۔ انہوںنے کہاکہ ہماری خارجہ پالیسی ناکام ہے،ہم امریکہ کا اعتماد نہیں حاصل کرپائے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے دوست ممالک نے ہمیں ووٹ نہیں دیا،انڈیا کو آرٹیکل 370 ہٹانے سے روکنے کیلئے کوئی سفارتکاری نہیں کی۔ مولانا فضل الرحمن نے عمران خان کو ریجکٹڈ وزیر اعظم کہہ دیا اور کہاکہ عمران خان کشمیر فروش ہے۔
انہوںنے دعویٰ کیا کہ پاکستان چین سے مایوس ہوکر واپس آیا ہے،20 منٹ کا وقت ترلے کرکے لیا گیا،سی پیک اتھارٹی متنازعہ ہے آرڈیننس کے تحت مسلط کیا گیا،سی پیک اتھارٹی کا متازعہ فیصلہ سے چین جیسے ملک کا اعتماد توڑا ہے۔ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ حکومت سے مذاکرات کیلئے کوئی پیشکش نہیں ہوئی،حکومت پھنستی جارہی ہے۔ ایک سوال پر مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ اپوزیشن آزادی مارچ پر تقسیم نہیں ہے،عوام حقیقی انداز میں آئے گی اس لئے ایوانوں میں ہلچل ہے۔
انہوںنے کہاکہ پہلے کہا گیا کنٹینر دینگے اب کہتے ہیں سڑکوں سے نہیں گزرنے دینگے۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ سعودی سفیر سے ملاقات معمول کی تھی،حرمین شریفین کے تحفظ میں سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔انہوںنے کہاکہ سعودی سفیر سے ملاقات کو جس انداز میں پیش کیا گیا وہ غلط ہے،آزادی مارچ ختم کرنے حوالے سے کوئی تجویز ہے تو سامنے لائی جائے پھر غور کرینگے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کی پاکستان آمد پر کوئی اعتراض نہیں لیکن برطانیہ نے کئی دہائی ہمیں غلام بنائے رکھا جس پر وہ معافی مانگیں۔دوران پریس کانفرنس انہوں نے رپورٹر کو مخاطب کرکے کہا کہ یہ احتجاج تو آپ کو کرنا چاہیے، پریس کانفرنس نشر نہ کرنے کا مراسلہ آپ کو ملا ہے۔