سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی بین الپارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب ہوگئے،

 
0
270

اسلام آباد اکتوبر 14 (ٹی این ایس): پارلیمانی سفارت کاری کے فورم پر بھارت کو اس وقت خفت کا سامنا کرنا پڑا جب تمام تر بھارتی کوششوں کے باوجود سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی بھارتی امیدور ششی تھرورکے مقابلے میں بین الپارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب ہو گئے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق دنیا بھر کی 188 پارلیمنٹس پرمشتمل بین الپارلیمانی یونین کی131 ویں جنرل اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران سینیٹر رضا ربانی کو اپنے بھارتی مد مقابل حریف ششی تھرور کے مقابلے میں بین الپارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کا رکن منتخب کر لیا گیا۔
رضا ربانی کی اس کامیابی سے بھارتی وفد کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔ واضح رہے کہ بلغراد میں بین الپارلیمانی یونین کی جنرل اسمبلی کا 131واں اجلاس جاری ہے جس میں دنیا بھر کی 188 پارلیمنٹس کے سپیکرز اور نمائندے شرکت کررہے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی زیر قیادت پاکستان کا پارلیمانی وفد بھی اجلاس میں شریک ہے۔ پاکستان کی پارلیمنٹ نے اس عہدے کے لئے سینیٹر رضا ربانی کو نامزد کیا تھا۔
پاکستانی وفد نے الیکشن کے موقع پر جب خفیہ رائے شماری کا مطالبہ کیا تو بھارتی امیدوار نے اپنا نام واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے شکست تسلیم کرلی۔ بھارتی وفد نے الیکشن کو مؤخرکرانے کی ہر ممکن کوششیں کیں۔ سینیٹر جاوید عباسی سیاسی ڈرافٹنگ کمی-ٹی کے رکن منتخب ہو گئے۔ سیاسی و سفارتی حلقے ان کامیابیوں کو پاکستان کی شاندار فتح قرار دے رہے ہیں۔