وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر (ریٹائرڈ) اعجاز احمد شاہ نے جمعرات کے روز فیصل ایو نیو سیکٹر G-7/G-8پر سی ڈی اے کی طرف سے تعمیر کئے جانے والے انڈر پاس کا افتتاح کر دیا

 
0
503

اسلام آباد اکتوبر 18 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر (ریٹائرڈ) اعجاز احمد شاہ نے جمعرات کے روز فیصل ایو نیو سیکٹر G-7/G-8پر سی ڈی اے کی طرف سے تعمیر کئے جانے والے انڈر پاس کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان، چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد، سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ اور منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ 351 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس انڈر پاس کی منظوری سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی (CDA-DWP) کی 43 ویں میٹنگ میں دی گئی۔وا ضح رہے کہ سی ڈی اے کی مو جودہ انتظا میہ نے اس اہم منصوبے پر عملی کام کو ممکن بنانے کے لئے تمام تر قواعد و ضوا بط مکمل کرنے کے بعد سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی (CDA-DWP)کے 7 مئی 2019؁ء کو ہونے والے43ویں اجلاس میں اس منصوبے کا
جائزہ لیتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ اس منصوبے کی تعمیراتی مدت میں توسیع کی جائے تاہم اس فیصلے سے منصوبے کی لاگت نہ بڑھنے اور محل وقوع میں تبدیلی نہ لانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ جس پر سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے موئثر کاوشوں کے بعد رواں سال اس منصوبے کومنظور کر کے بذریعہ اخبارات سر بمہر بولیاں طلب کیں اور قلیل وقت میں تمام تر قواعد و ضوا بط پورے کرنے کے بعدسب سے کم بولی دینے والی فرم کو قواعد و ضوابط اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا گیا تھا۔ اس منصوبے کا انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی(EPA) سے این او سی (NOC) ملنے کے بعد اس پر آج سے کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ فیصل ایونیو انڈر پاس کا منصوبہ 2015 ؁ء میں منظور کیا گیا تاہم اس اہم منصوبے کو عملی شکل دینے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔ اس منصوبے کی اہمیت اور افادیت
کے پیش نظر سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے گذشتہ کئی سالوں سے تعطل کے شکار ترقیاتی منصوبوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے جہاں دیگر کئی ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز کیا وہاں اس انڈر پاس کی فوری تعمیر کو ممکن بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تمام قواعدو ضوابط کو مکمل کر کے نہ صرف سی ڈی اے۔ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں اس کی منظوری دی گئی بلکہ کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کے بعد اس پر آج سے ترقیاتی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ فیصل ایونیو پر تعمیر کئے جانے والے اس انڈر پاس پر 268.905ملین روپے، روڈ ورک پر 72.280ملین روپے اور نکاسی آب کے سسٹم پر 17.906روپے کی لاگت آئے گی۔ اس انڈر پاس کی تعمیراتی مدت ایک سال رکھی گئی ہے. فیصل ایونیو انڈر پاس کے تعمیراتی منصوبے کے آغاز سے قبل اس منصوبے کے گرد و نواح بھر پور شجر کاری کی گئی ہے تاکہ اس منصوبے کی تعمیر سے جہاں
سیکٹر G-7اورG-8 کے رہائشیوں کو سہولت میسر ہو وہاں اسلام آباد کے ماحول کو بھی بہتر بنایا جا سکے۔ اس ضمن میں اس منصوبے کے لیے زیروپوائنٹ کے قریب 990پودے لگائے گئے جبکہ ایف 9- پارک میں ایک ہزارپودے لگائے گئے۔ اسی طرح اس انڈر پاس کے قریب چیڑ کے ایک سو نئے پودے بھی لگائے گئے۔ علاوہ ازیں سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے آئندہ اسلام آباد میں شروع کئے جانے والے ہر ترقیاتی منصوبے میں ایک کے بدلے 30 درخت لگانے کو منصوبے کا لازمی جزو قرار دے دیا ہے جس سے نہ صرف شہریوں کے لیے فلاحی منصوبے بنائے جا سکیں گے بلکہ بھر پور شجر کاری کے باعث اسلام آباد کے ماحول کو بھی بہتر بنانے میں بڑی مدد ملے گی۔ فیصل ایونیو پر بنائے جانے والے اس انڈر پاس کے تعمیراتی کام کی تکمیل کے بعدنہ صرف فیصل ایونیو پر ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئے گی بلکہ سیکٹر G-7اور G-8 کے رہائشیوں کو
بھی بہترین سہولت میسر آئے گی۔