انسداد تجاوزات مہم کے تحت سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ نے بدھ کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں عمل میں لا کر سرکاری اراضی پر تعمیر کردہ غیر قانونی تعمیرات اور متعدد تجاوزات کا خاتمہ کر دیا

 
0
271

اسلام آباد اکتوبر 23 (ٹی این ایس): انسداد تجاوزات مہم کے تحت سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ نے بدھ کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں عمل میں لا کر سرکاری اراضی پر تعمیر کردہ غیر قانونی تعمیرات اور متعدد تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائیوں کے سلسلے میں سیکٹر آئی نائن میں کیے گئے ایک آپریشن کے دوران پلاٹ نمبر141 کے اندر غیر قانونی طور پر قائم کردہ کباڑ خانہ، 02 کمرے اور ایک عدد چار دیواری مسمار کر دی جبکہ پلاٹ نمبر139 پر غیر قانونی طور پر تعمیر کردہ چار دیواری اور گیٹ کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ایک اور کاروائی کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے ایف الیون بھیکا سیداں میں کاروائی کے دوران ایک عدد چار دیواری اور متعدد کمروں پر مشتمل بھینسوں کے باڑوں کا بھی خاتمہ کر دیا۔ ایف ایٹ مرکز میں کئے گئے ایک آپریشن کے دوران COTHM پلازہ کے سامنے لگائے گئے غیر قانونی پول اور باڑوں کا خاتمہ کر کے پارکنگ کو عوام الناس کے لیے کھول دیا گیا۔ اسی طرح ایک اور کاروائی کے دوران سیکٹر ایچ نائن میں نرسریوں کے باہر رکھی گئیں تجاوزات،مٹی اور دیگر میٹریل کو بھی ختم کر دیا گیا۔