اسرائیل نے سعودی عرب کے ساتھ خصوصی حج پروازوں کا معاہدہ کرنے کی خواہش ظاہر کردی

 
0
608

مقبوضہ بیت القدسجولائی20(ٹی این ایس )اسرائیل نے سعودی عرب کے ساتھ خصوصی حج پروازوں کا معاہدہ کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر مواصلات ایوب کارا نے کہا ہے کہ اسرائیل میں مقیم مسلمانوں کو حج کرنے کے لیے طویل راستہ طے کرنا پڑتا ہے اس لیے سعودی عرب کیلئے براہ راست حج پروازوں کا معاہدہ ہونے سے یہ سفر آسان ہوجائیگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ معاہدے کے نتیجے میں اسرائیل میں مقیم مسلمان جلد ہی اسرائیلی پروازوں میں تل ابیب کے بن گوریان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سیدھا سعودی عرب تک پرواز کرسکیں گے اس وقت اسرائیل میں مقیم مسلمان اردن کی فضائی کمپنی رائل اردن کے ذریعے عمان سے ہوتے ہوئے سعودی عرب پہنچتے ہیں۔ انہیں حج و عمرے کیلئے دریائے اردن اور ریگستان کو عبور کرکے تقریباً ایک ہزار کلومیٹر کا طویل راستہ بس کے ذریعے طے کرنا پڑتا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ اقدام دونوں ملکوں کو قریب لانے کی امریکا کی کوششوں کا حصہ ہے اور ابھی دو ماہ پہلے ہی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب سے پرواز کرتے ہوئے اسرائیل پہنچے تھے۔ اس پرواز سے پہلے تک سعودی عرب سے براہ راست اسرائیل کے لیے پروازکو ناممکن تصور کیا جاتا تھا