ملک کے کئی سیاسی رہنما دہشت گردوں کے نشانے پر، ہنگامی الرٹ جاری

 
0
312

اسلام آباد اکتوبر 25 (ٹی این ایس): ملک کے کئی سیاسی رہنما دہشت گردوں کے نشانے پر، ہنگامی الرٹ جاری، تھرٹ الرٹ کے مطابق سیاسی قائدین پر حملے کا خطرہ ہے، حملے پورے پاکستان میں آزادی مارچ پر کئے جا سکتے ہیں، سیاسی جماعتوں اور ان قائدین کو محتاط رہنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے ایک تشویش ناک الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ الرٹ میں پاکستان کے سیاسی قائدین پر دہشت گردی کے حملے کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی آئی ایس کے پی نامی تنظیم کی جانب سے کی گئی ہے۔ تھرٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ سیاسی قائدین پر حملے کا خطرہ ہے۔ یہ حملے پورے پاکستان میں آزادی مارچ پر کئے جا سکتے ہیں۔ اس معاملے میں سیاسی جماعتوں اور ان قائدین کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جبکہ اس حوالے سے نیکٹا کی جانب سے تمام حساس اداروں کو خط لکھ دیا گیا ہے جس میں صورتحال سے نمٹنے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ تھرٹ الرٹ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب مولانا فضل الرحمان کا حکومت مخالف آزادی مارچ شروع ہونے کو ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کیخلاف 27 اکتوبر سے مارچ کے آغاز اور 31 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچنے کا اعلان کر رکھا ہے۔