حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو ڈی چوک میں دھرنا یا جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا

 
0
504

اسلام آباد اکتوبر 25 (ٹی این ایس): حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو ڈی چوک میں دھرنا یا جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کی جانب سے ریڈ زون میں جلسے کی اجازت دینے کا مطالبہ، حکومت کمیٹی نے پریڈ گراونڈ میں جلسے کی اجازت دینے کی پیش کش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی سے مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہونے کے بعد اعلان کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو ڈی چوک میں جلسہ یا دھرنا دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ڈی چوک میں جلسہ یا دھرنا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ اس لیے مولانا فضل الرحمان ڈی چوک کی بجائے اسلام آباد کے پریڈ گراونڈ میں جلسہ کر سکتے ہیں۔ جبکہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی مسلسل اصرار کر رہی ہے کہ اسے ڈی چوک میں جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔ اپوزیشن کی رہبرکمیٹی سے مذاکرات کے حوالے سے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم نے مذاکرات شروع کرنے سے پہلے طے کیا کہ وزیراعظم کے استعفے کی بات نہیں ہوگی۔
مذاکرات کی پہلی نشست کے بعد رہبرکمیٹی کے کنویئراکرم درانی نے میڈیا کو بتایا کہ رہبرکمیٹی کے تمام ممبران بیٹھے ہوئے ہیں، ہم نے حکومتی مذاکراتی ٹیم کا استقبال کرتے ہیں، حکومتی کمیٹی میں سارے سینئر لوگ موجود ہیں، رہبرکمیٹی سے اچھے موڈ میں بات ہوئی ہے۔اکرم درانی نے کہا کہ ہماری پہلی نشست ہوئی اوراب دوبارہ ملاقات ہوگی، جس کے بعد نتیجے سے میڈیا اورعوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا کہ رہبرکمیٹی نے کچھ تجاویز پیش کی ہیں، کچھ تجاویز ہم نے اور کچھ انہوں نے پیش کیں۔ امید ہے بہت جلد اچھی خبر ملے گی۔انہوں نے کہا کہ لیڈرشپ تک پیغام پہنچانے کیلئے وقت لیا ہے۔رہبرکمیٹی سے دوبارہ ساڑھے10بجے ملاقات ہوگی۔پھر جو بھی پیشرف ہوئی اس سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ اس سے قبل حکومتی مذاکراتی کمیٹی ٹیم آزادی مارچ منسوخ کروانے کیلئے اپوزیشن کی رہبرکمیٹی کے پاس مذاکرات کیلئے اکرم درانی کی رہائشگاہ پر پہنچی۔
تو حکومتی وفد کا استقبال اکرم درانی اور اویس نورانی نے کیا۔ حکومتی کمیٹی میں قائم مقام صدر صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی، وزیر دفاع پرویز خٹک، پیر نورالحق قادری، اسد عمر اور شفقت محمود شامل ہیں۔