وزیراعظم کا ٹرین آتشزدگی کی فوری انکوائری کا حکم واقعے کی فوری انکوائری کروائی جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت

 
0
277

اسلام آباد اکتوبر 31 (ٹی این ایس): سانحہ تیز گام نے اب تک 70 سے زائد زندگیاں نگل لی ہیں۔وزیرعظم عمران خان نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ٹرین آتشزدگی کی فوری انکوائری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ٹرین حادثے میں جانی ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا،وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں نے واقعے کی تحقیقات کو فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔
۔خیال رہے کہ حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 71 ہو گئی ہے۔ حادثے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے جس میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے پیش نظر ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ریلوے حکام نے بتایا کہ تین بوگیوں میں تقریباً 200 سے زائد افراد سوار تھے جن میں سے ایک بوگی میں 78 ، دوسری میں 77 اور بزنس کلاس کی بوگی میں 54 افراد کی بکنگ تھی، حادثے کے بعد بوگیوں سے کئی افراد کی جلی ہوئی لاشیں نکالی گئی ہیں جن میں سے کئی لاشوں کے ٹکڑے ملے ہیں۔
ڈی پی او رحیم یار خان امیر تیمور خان اور ریسکیو ہیڈ بہاولپور باقر حسین نے حادثے میں 70 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ۔ تیز گام ایکسپریس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 18 افراد کا تعلق میرپور خاص سے ہی جبکہ ٹنڈوجام اور ٹندولہیار کے شہری بھی مرنے والوں میں شامل ہیں۔ میرپورخاص مدینہ مسجدسٹیلائٹ ٹاون کےامام قاری مقبول بھی حادثے میں جاں بحق ہوئے ۔
اکانومی ڈبوں کی بُکنگ امیر حسین اینڈ جماعت کے نام سے کروائی گئی۔ ان میں میر پور خاص، ٹنڈو جام ، حیدر آباد اور محراب پور کے لوگ شامل تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لیاقت پور میں ٹرین میں آتشزدگی کے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ سانحہ تیزگام ایکسپریس،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تمام سیاسی مصروفیات ترک کردیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے امدادی سرگرمیوں کےلیے اپنا ہیلی کاپٹر بھی مختص کردیا۔