مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی طبیعت بالکل ٹھیک، پی سی ٹی کی رپورٹ کے مطابق ٹیسٹ کی مقدار 0.04 ہے جوکہ نارمل ہے

 
0
232

لاہور نومبر 02 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز کے ٹیسٹ کی رپورٹ آ گئی ہے جس کے مطابق مریم نواز کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے۔ پی سی ٹی کی رپورٹ کے مطابق ٹیسٹ کی مقدار 0.04 ہے جوکہ نارمل ہے۔ اس ٹیسٹ کی نارمل سطح عورتوں میں 0.05نینوگرام پر ایم ایل سے کم ہوتی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کی جانب سے مریم نواز کا پی سی ٹی ٹیسٹ بیکٹریل انفکیشن کو جانچنے کے لیے تجویز کیا گیا تھا۔
سیپسس کی تشخیص میں مدد کرنے کے لیے یہ ٹیسٹ کروایا گیا۔ طبی ماہرین کے مطابق پروکیلسیٹونین ایک ایسا مادہ ہے جو جسم کے خلیوں سے اس وقت خارج ہوتا ہے جب بیکٹریل انفکیشن ہو۔ خون میں پروکیلسیٹونین کی سطح بیکٹریل انفکیشن اور سیپسس میں نمایاں طور پر بڑھ سکتی ہے۔ بیکٹیریا کے سنگین انفیکشن کی نشاندہی کرنے اور بیکٹیریل اور غیر بیکٹیریل حالات کے درمیان فرق کرنے میں مدد کرنے کے لیے ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سروسز اسپتال میں زیر علاج تھے جب ان کی صاحبزادی مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال لایا گیا اور ان کی والد نواز شریف سے ملاقات کروائی گئی۔ والد کی عیادت کے دوران ہی مریم نواز کی طبیعت خراب ہو گئی جس کے بعد مریم نواز کو بھی سروسز اسپتال میں نواز شریف کے ساتھ والے کمرے میں داخل کر لیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے ان کا طبی معائنہ کیا اور مریم نواز کے ضروری ٹیسٹ کیے گئے تھے۔ جس کے بعد مریم نواز کو علی الصبح واپس کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا تھا ۔ تاہم اب مریم نواز کی سامنے آنے والی ٹیسٹ رپورٹس کے مطابق مریم نواز کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے۔