پان کی دکانوں پر چھاپہ ،200 کلو گرام گٹکا، مین پوری ضبط کرلی

 
0
588

کراچی جولائی20(ٹی این ایس):میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر محکمہ فوڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول کے انسپکٹر ز کی ایک ٹیم نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے فیڈرل بی ایریا اور حسین آباد میں مختلف پان کی دکانوں پر چھاپہ مار کر تقریباً 200 کلو گرام گٹکا، مین پوری ضبط کرلی اور ضبط شدہ سامان سینئر ڈائریکٹر فوڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول کے دفتر میں جمع کرادیا،تفصیلات کے مطابق شہر میں گٹکا، مین پوری اور دیگر مضر صحت اشیاء کی فروخت اور استعمال کو روکنے کے لئے میئر کراچی کی ہدایت پر سینئر ڈائریکٹر فوڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول ڈاکٹر اصغر عباس شیخ نے فوڈز انسپکٹروں کی ٹیم تشکیل دی جس نے شہر کے مختلف علاقوں میں پان کی دکانوں اور دیگر مقامات پر گٹکا، مین پوری کی فروخت کے خلاف چھاپے مارنے کا آغاز کردیا ہے، اس سلسلے میں سینئر ڈائریکٹر فوڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول نے فوڈ انسپکٹروں کو گٹکے کے خلاف مہم میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی ہے، دریں اثناء بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ فوڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول نے کراچی کے اسپتالوں ،پرائیویٹ اسکولز اور کالجز کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ اپنی کینٹین کو حفظان صحت پاکستان پیور فوڈ آرڈیننس 1960 کے تحت عمل میں لائیں اور فوری طور پر فوڈ لائسنس بنوائیں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، واضح رہے کہ میئر کراچی وسیم اختر کو عوام کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ کراچی کے پرائیویٹ اسکولز، کالجز، اسپتالوں میں موجود کینٹین جہاں بچوں اور بڑوں کو کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی جاتی ہیں انتہائی ناقص ہوتی ہیں جس سے خصوصاً بچے بیمار ہوجاتے ہیں اس طرح بچوں کی تعلیم متاثر ہوتی ہے جس پر میئر کراچی وسیم اختر نے سینئر ڈائریکٹر فوڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول ڈاکٹر اصغر عباس کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں جن کی روشنی میں اسپتالوں، اسکولز اور کالجز کی انتظامیہ کو سینئر ڈائریکٹر فوڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول کی جانب سے نوٹس جاری کئے جا رہے ہیں اور فوڈز انسپکٹرز کو اس سلسلے میں فوری اور موثر کارروائی کی ہدایت کی ہے۔