پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کے زیر اہتمام سیرت النبی ؐکانفرنس 2019

 
0
353

کویت نومبر 18 (ٹی این ایس) کویت میں پاکستانی خواتین کا منظم اسلامی تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرنے والی طالبات نے بہترین انداز میں تلاوت، حمد و نعت، نقابت اور خطابت کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرکے حاضرین کے دل جیت لئے۔
پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی صدر مسز روبیلہ غزل نے “سیرت طیبہ اور اصلاح احوال” کے موضوع پر فکر انگیز خطاب کیا جس میں معروف ایجوکیشنسٹ مس حنا سلیم مہمان خصوصی تھیں۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جسکی سعادت فاطمہ نواز اور عائشہ عرفان نے حاصل کی جبکہ کمپیئرنگ کے فرائض زہرا حنیف اور فائزہ صدیقی نے انجام دیے۔
ہدیہ نعت ثوبیہ عاصم، زہرہ حنیف، مسز راحت اقبال، سعدیہ خان، نادیہ خان، نائلہ مرزا اور عائشہ عرفان جبکہ کلام اقبال مریم منصور نے پیش کیا۔ اسلامی موضوعات پر انگلش میں تقاریر حفصہ ستار اور سعدیہ خان نے پیش کیں۔ ایسوسی ایشن کی جنرل سیکرٹری فائزہ صدیقی نے اقبال اور محبت رسولؐ کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔

حولی پاکستان انگلش سکول کی طالبات نے عربی میں خوبصورت نعت پیش کی۔
پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرنے والی طالبات نے بہترین انداز میں تلاوت، حمد و نعت، نقابت اور خطابت کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرکے حاضرین کے دل جیت لئے۔ اس کانفرنس کی مہمان خصوصی مسز حنا سلیم نے کہا کہ مجھے اس عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس میں شرکت پر بہت خوشی ہو رہی ہے انتہائی منظم اور پھر کثیر تعداد میں خواتین کی شرکت اور مزید یہ کہ پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرنے والی طالبات کا بہترین انداز میں تلاوت، حمد و نعت، نقابت اور خطابت پیش کرنا انتہائی شاندار اور قابل ستائش ہے اور میں پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی کامیابی کے لئے دعا گو ہوں اور انتہائی کامیاب اور منظم سیرت النبیؐ کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی صدر مسز روبیلہ غزل نے “سیرت طیبہ اور اصلاح احوال” کے موضوع پر فکر انگیز اور موثر خطاب کیا انہوں نے کہا کہ آج کی عورت بحیثیت ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا نہیں کر رہی جسکی بنیادی وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔ عورت دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ اگر دینی تعلیم کی بھی حامل ہو تو وہ بہتر انداز میں اپنے بچوں کی تربیت کر سکتی ہے۔
ایک پڑھی لکھی اور دیندار ماں آئندہ آنے والی نسلوں کی اسلامی خطوط پر بہترین تربیت کر سکتی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کا مقصد خواتین کی دینی تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود ہے تاکہ وہ معاشرے کی ترقی میں بهرپور کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے تمام شرکاء، میڈیا نمائندگان، پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی تمام ٹیم بالخصوص کانفرنس کوآرڈینیٹر نائلہ مرزا کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور تمام مہمانوں کا کانفرنس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا، آخر میں درود و سلام اور دعا کی گئی اور تمام ٹیم اور طالبات میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور کانفرنس کے انعقاد میں نمایاں کردار ادا کرنے والی خواتین میں تعریفی شیلڈز پیش کی گئیں اور قرعہ اندازی کے ذریعے سامعین میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔