اسلام آباد نومبر 18 (ٹی این ایس): لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کیلئے دائر درخواست کو آئندہ ہفتے نیب کیسزکی سماعت کرنے والے دورکنی بنچ کے روبرو مقرر کرنے کا حکم دیدیا ۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار کے خلاف کیس نیب میں چل رہے ہیں اور نیب کو فریق نہیںبنایا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ ہم اسپیکر کے پروڈکشن آرڈر کے خلاف عدالت میں آئے ہیں نیب کیسز میں نہیں۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ سیشن ختم ہوچکا ہے اور 17واں سیشن 2جنوری سے شروع ہونا ہے جو 30 دن تک جاری رہے گا ۔اگر اگلے سیشن میں شریک ہونا ہے تو اس کے لیے نئی درخواست دائر کریں ۔عدالت نے استفسار کیا کہ کسی مخصوص سیشن کے لیے درخواست دی تھی ۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ انہوں نے 16ویں سیشن میں شرکت کے لیے درخواست دی تھی۔ شاہد خاقان عباسی کے وکیل کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ کسی خاص سیشن کے لیے نہیں بلکہ اسپیکر ایکٹ کے خلاف عدالت میں ہیں،اسپیکر ایکٹ سیشن میں شرکت کی اجازت دینا لازم ہے جس کی خلاف ورزی ہوئی,۔
سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ ماضی میں جتنے بھی پروڈکشن آرڈر جاری ہوے وہ سیشن کے لیے ہوتے تھے۔ان کو ابھی آرام کی ضرورت ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس کا فیصلہ انہوں نے خود کرنا ہے کہ آرام کرنا ہے یا نہیں۔ فاضل عدالت نے وفاقی حکومت کی طرف سے جمع کرائے گئے جواب کی کاپی فریقین کو دینے کا حکم دیا ۔