ہماری معاشی اصلاحات کا پھل ملنا شروع ہو گیا ہے اکتوبر میں پاکستان کے جاری کھاتے سرپلس ہوگئے۔ وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹر پیغام

 
0
285

اسلام آباد نومبر 19 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری معاشی اصلاحات کا پھل ملنا شروع ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بالآخردرست سمت میں جارہی ہے، ہماری معاشی اصلاحات کا پھل ملنا شروع ہوگیا، اکتوبر میں پاکستان کے جاری کھاتے سرپلس ہوگئے، جاری کھاتوں کا یہ سر پلس 4 سال میں پہلی بار آیا ہے ، جاری کھاتے 9 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سر پلس رہے ، گزشتہ سال اکتوبرمیں جاری کھاتوں میں 1 ارب 28 کروڑ ڈالر کا خسارہ تھا۔


وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ رواں مالی سال پہلے 4 ماہ میں جاری کھاتوں کےخسارےمیں 73.5 فیصد کمی آئی، اکتوبرمیں ہماری اشیااورخدمات کی برآمدات میں 20 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ اشیا،خدمات کی برآمدات میں اکتوبر2018ء کی نسبت 9.6 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کومبارکباد دیتا ہوں اور حوصلہ افزائی کرتاہوں تاکہ یہ مزید آگے بڑھیں۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد حکومت کو سب سے زیادہ معاشی تنگی کا سامنا تھا جس کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سر توڑ کوششیں کی جس کے کئی ثمرات بھی ملے۔
تاہم اب حکومت کے مؤثر معاشی اقدامات کے باعث پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوگیا ہے ۔ اس حوالے سے ترجمان اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا تھا کہ پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ ساڑھے4 سال بعد سر پلس ہوا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ اکتوبر میں کرنٹ اکاؤنٹ 9 کروڑ 90 لاکھ ڈالرسرپلس رہا۔ واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جولائی تا اکتوبر، 1.1 ارب ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی، گزشتہ سال جولائی تا اکتوبر بیرونی سرمایہ کاری 7.75 کروڑ ڈالر منفی تھی۔ نجی شعبے میں 66، سرکاری شعبے میں 43 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ سرکاری شعبے میں سرمایہ کاری حکومتی تمسکات میں ہوئی، رپورٹ کے مطابق براہ راست سرمایہ کاری 65 کروڑ، اسٹاک مارکیٹ میں 1.56 کروڑ ڈالر رہی۔