راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک کی قیادت میں وفد کی ریجنل پولیس آفیسر محمد احسان طفیل سے ملاقات

 
0
299

راولپنڈی نومبر 21 (ٹی این ایس): راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک کی قیادت میں وفد نے ریجنل پولیس آفیسر محمد احسان طفیل سے ملاقات کی۔ وفد میں سینئر نائب صدر نوشیروان خلیل خان، نائب صدر حمزہ سروش، سابق صدر ملک شاہد سلیم، ایگزیکٹو ممبران،طاہر تاج بھٹی،چوہدری اکرم اور ندیم کھوکھر شامل تھے۔ ملاقات میں شہر میں امن و امان کی صورتحال، کمیونٹی پولیس، تنازعات کے متبادل حل کے لیے ADRCکو فعال کرنے، شہرمیں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مکمل سکیورٹی فراہم کرنے اور جاری کیسز پر پیش رفت پر تفصیل سے گفتگو کی۔ آ رپی او احسان طفیل نے کہا کہ پولیس کا اولین فرض شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں تاجر برادری کا کردار نہایت اہم ہے۔ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ شہر خاص طور پر مارکیٹوں میں سٹریٹ کرائم کوکنٹرول کیا جا سکے تاکہ کسٹمر زاطمینان کے ساتھ شاپنگ کر سکیں۔ تاجر برادری سے جڑے مسائل کے حل کے لیے فوکل پرسن تعینات کیے جائیں گے۔ جدید خطوط پر ڈیٹا بیس بنایا جا رہا ہے تاکہ جرائم پر موئژ کنٹرول کیا جا سکے۔ معاشرے سے جرائم کے خاتمے کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ تمام کیسز کو جلد منطقی انجام پر پہنچایا جائے گا، مارکیٹوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، کنٹرول روم اور بہتر رابطے کے لیے تجاویز عمل کیا جائے گا۔ صدر چیمبر صبور ملک نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے، ADRC کو لیگل فریم ورک میں لایا جائے، چیمبر پولیس رابطہ کمیٹی فعال کر نے سے ایف آئی آر کا بوجھ کم ہو گا۔ انہوں نے آ ر پی او کو چیمبر آنے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تما م تر تعاون کیا جائے گا۔ اور مفید تجاویز بھی دی جائیں گی۔