الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس 15 دنوں میں مکمل کرنے کی خبر کی تردید کر دی

 
0
366

اسلام آباد نومبر 23 (ٹی این ایس): الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس 15 دنوں میں مکمل کرنے کی خبر کی تردید کر دی، ترجمان ای سی پی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ میڈیا پر گردش کرنے والی خبر مکمل طور پر بے بنیاد اور حقیقت کے برعکس ہے، چیف الیکشن کمیشنر نے صرف کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کی ہدایت کی، چند دنوں میں فیصلہ دینے کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میڈیا کے ایک حصے میں شائع ہونے والی فارن فنڈنگ کیس سے متعلق خبر کی تردید کی ہے۔ ہفتہ کو الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے فارن فنڈنگ کیس کے سماعت 15 دنوںکے اندر مکمل ہونے کے لئے کوئی ہدایات نہیں دی ہے۔ترجمان نے کہا کہ یہ خبر مکمل طور پر بے بنیاد اور حقیقت کے برعکس ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کو اس قسم کی غلط اطلاعات شائع کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔ ترجمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سربراہ جسٹس (ر) سردار رضا خان نے نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے سیکریٹری پارلیمانی امور کو خط لکھ دیا۔ جسٹس (ر) سردار رضا نے 6 دسمبر 2014 کو چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ سنبھالا تھا، ان کی مدت ملازمت 6 دسمبر کو مکمل ہوجائے گی۔
ذرائع کے مطابق نئے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا بروقت تقرر نہ کییجانے کی صورت میں 7 دسمبرکو الیکشن کمیشن غیرفعال ہوجائیگا کیونکہ کمیشن کے سندھ اور بلوچستان سے 2 ممبران پہلے ہی ریٹائر ہو چکے ہیں۔الیکشن کمیشن، چیف الیکشن کمشنر اور 2 ارکان کی عدم موجودگی میں کوئی فیصلہ نہیں کر سکے گا، الیکشن کمیشن ضمنی الیکشن اور بلدیاتی انتخابات بھی نہیں کراسکے گا جبکہ انتخابی فہرستوں کا معاملہ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
قانون کے تحت الیکشن کمیشن اپنے تین ارکان کے ساتھ فعال رہ سکتا ہے جب کہ چیف الیکشن کمشنر سمیت ارکان کی مجموعی تعداد 5 ہے۔آئین کے تحت چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی کے لیے وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف باہمی مشاورت سے 3 نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجواتے ہیں، الیکشن کمشنر کا عہدہ خالی ہونے پر 45 روز کے اندرپر کیا جانا چاہیے۔