سی ڈی اے انتظامیہ نے کلثوم چوک، ناظم الدین روڈ F-6/F-7 پر ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات اس مخصوص مقام پر آنے جانے والوں کی مشکلات کے سد باب کے لیے جاری کی گئیں

 
0
10185

اسلام آباد نومبر 25 (ٹی این ایس): سی ڈی اے انتظامیہ نے کلثوم چوک، ناظم الدین روڈ F-6/F-7 پر ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات اس مخصوص مقام پر آنے جانے والوں کی مشکلات کے سد باب کے لیے جاری کی گئیں ہیں۔ اس ضمن میں ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت جاری کی گیئں تھیں کہ وہ مذکورہ مقام پر ٹریفک کی بہتری کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرے۔ دی گئی ہدایات کی روشنی میں ایک جامع ٹریفک پلان ترتیب دے کر عملدرآمد کے لیے روڈز ڈائریکٹوریٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت مذکورہ چوک پر باقاعدہ لین مارکنگ کے علاوہ کیٹ آئز کی تنصیب کے علاوہ ٹریفک کی سمت کا تعین کرنے والے بورڈ نصب کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک کو اپنی منزل کی طرف جانے میں آسانی میسر ہو۔ مزید برآں کیٹ آئیز کے ساتھ ایک راؤنڈ اباؤٹ بھی بنایا جائے گا جو آس پاس کی ٹریفک کو منظم کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہو گا۔
واضح رہے کہ شہر میں ٹریفک کے نظم و ضبط کو برقرار رکھنے اور اس میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے سی ڈی اے متعدد اقدامات اٹھا رہا ہے۔ اس ضمن میں مختلف منصوبوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد کے لیے ادارہ اپنے وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ ان ہاؤس سہولیات اور صلاحیتوں کو استعمال میں لانے سے جہاں ادارے کو فنڈز کی مد میں خاطر خواہ بچت ہو رہی ہے وہاں ان منصوبوں سے متعلقہ منصوبہ بندی کو تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے۔