اسلام آباد نومبر 25 (ٹی این ایس): اسلام آباد ہائیکورٹ میں العزیزیہ ریفرنس کیس کے فیصلے کے خلاف سابق وزیراعظم نواز شریف کی مرکزی اپیل اور نیب کی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق دوران سماعت عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے دائر آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے کہا کہ حاضری سے استثنٰی کی درخواست صرف آج کے لیے منظور کی جاتی ہے۔
جس کے بعد کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ یاد رہے کہ 24 دسمبر 2018ء کو احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا سنائی تھی ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس کیس میں 100 سے زائد سماعتوں کے بعد سات سال قید با مشقت اور جُرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ جس کے بعد یکم جنوری 2019ء کو نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس میں فیصلہ کالعدم قرار دینے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کو لاہور ہائیکورٹ سے طبی بنیادوں پر ضمانت ملی جس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا 8 ہفتوں کےلیے معطل کردی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ان کی سزا معطلی کی درخواست منظور کی اور انہیں 20 ،20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ 8 ہفتوں میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا علاج مکمل نہ ہونے پر صوبائی حکومت سے رابطہ کیا جائے۔ جس کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کے غرض سے لندن روانہ ہو گئے اور اب وہیں مقیم ہیں جہاں ان کا علاج اور مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔