وزیراعظم عمران خان کا کم آمدنی والے افراد کو گھروں کی فراہمی کا وعدہ پورا کررہے ہیں‘میاں محمودالرشید

 
0
285

لاہور نومبر 28 (ٹی این ایس): وزیرہائوسنگ پنجاب میاںمحمودالرشید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کم آمدنی والے افراد کو اپنی چھت کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہی ہے ، وزیراعظم عمران خان کا کم آمدنی والے افراد کو گھروں کی فراہمی کا وعدہ ہر صورت پورا کریں گی- نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کی شفافیت کی وجہ سے بین الاقوامی ادارے بھی گھروں کی تعمیر میں دلچسپی لے رہے ہیں- یہ بات انہوں نے نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ قائد آباد ضلع خوشاب کے گھروں کی الاٹمنٹ کی قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی- اس موقع پر پانچ اور تین مرلہ کے 786 گھروں کی الاٹمنٹ کیلئے کمپیوٹرائز ڈ قرعہ اندازی کی گئی-تقریب میں چیئرمین ٹاسک فورس برائے ہائوسنگ ضیغم رضوی ،ایم پی اے فتح خالق بندیال ،ڈائریکٹر جنرل پھاٹا لیاقت علی چٹھہ ،ڈپٹی کمشنر خوشاب مسرت جبیں اور عوام کی کثیر تعدا د موجودتھی – میاں محمود الرشید نے کہا کہ لودھراں اور اوکاڑہ کے بعد ضلع خوشاب میں کم آمدنی والے افراد کو گھروں کی الاٹمنٹ کرکے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کررہے ہیں-نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کم آمدنی والے افراد کے لئے ہے اور انہیں گھروں کی تعمیر کے لئے ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن سے آسان شرائط پر قرض کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی- چیئرمین ٹاسک فورس برائے ہائوسنگ ضیغم رضوی نے کہاکہ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت اربن ایریا کے علاوہ دیہاتوں میں بھی ماڈل کالونیاں بنائی جائینگی- یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا اور منفرد منصوبہ ہے جو پایہ تکمیل کی جانب گامزن ہے – ڈائریکٹر جنرل پھاٹا لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے 29 اضلاع میں یہ ہاؤسنگ منصوبہ شروع کر رکھا ہے ۔