نوجوان قوم کے مستقبل کے معمار ہیں، ملک میں تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس مقصد کے حصول کیلئے جنگی بنیادوں اقدامات پر اٹھا ئے جا رہے ہیں

 
0
251

اسلام آباد نومبر 28 (ٹی این ایس): ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کے مستقبل کے معمار ہیں اور انہوں نے ہی مستقبل میں قوم کی قیادت سنبھالنی ہے، ملک میں تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے جنگی بنیادوں اقدامات پر اٹھا ئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی آرٹس کونسل میں سپیریئر گروپ کالج راولپنڈی کی سالانہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ دنیا میں آگے بڑھنے کیلئے ہمیں تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں اڑھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں جو بحیثیت قوم ہماری ناکامی ہے۔ انہوں نے ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ملک میں تعلیم کے فروغ اور معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے طلباء پر اپنی تمام توانائیاں حصول علم پر صرف کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو تعلیم حاصل کرنے کا جو موقع ملا ہے اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور محنت و لگن سے تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ انہوں نے سکولوں میں اسلامی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں معیار تعلیم کی بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کی بدولت صوبے میں طلباء کی ایک بڑی تعداد نے پرائیویٹ سکولوں کو چھوڑ کر سرکاری سکولوں میں داخلہ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب طلباء کیلئے مفت تعلیم کی فراہمی موجودہ حکومت کا ایک احسن اقدام ہے اس سے ملک میں تعلیم کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارنے کیلئے کامیاب جوان پروگرام کا اجراء کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے غریب اور نادار طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے احساس پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال اس وقت انتہائی کشیدہ ہے، بھارت نے گزشتہ 116 دن سے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کرکے نظام زندگی کو مفلوج بنا دیا ہے، مقبوضہ وادی کے بچوں کو ان کے گھروں میں قید کردیا ہے اور انہیں نہ ہی تو سکول جانے کی اجازت ہے اور نہ ہی وہ کھیل کے میدانوں میں جا سکتے ہیں، کشمیر کی موجودہ صورتحال عالمی طاقتوں اور امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر سطح پر مسئلہ کشمیرکو بھرپور طریقے سے اجاگرکر رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر اس جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔