پہلی بار نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے وزیر تعلیم کی سربراہی میں خصوصی ٹاسک فورس بنائی گئی ہے،

 
0
357

اسلام آباد جنوری 08 (ٹی این ایس): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پہلی بار نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے وزیر تعلیم کی سربراہی میں خصوصی ٹاسک فورس بنائی گئی ہے، یہ پروگرام وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نوجوانوں کے لئے نئے سال کا تحفہ ہے، پروگرام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ہنر مند پاکستان پروگرام سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں نوجوانوں کے لئے اس طرز کا اتنا بڑا پروگرام شروع نہیں کیا گیا، یہ پروگرام باقاعدہ تحقیق اور منصوبہ بندی سے شروع کیا جا رہا ہے۔ پروگرام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جمعرات کو وزیراعظم عمران خان اس پروگرام کا افتتاح کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہو گی، نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے 100 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے جائیں گے کیونکہ وزیراعظم کا کامیاب جوان پروگرام سب سے بڑا یوتھ پروگرام ہے۔
انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے ہنر مند پاکستان پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، ماضی میں نوجوانوں کو صرف روایتی پیشوں میں تربیت دی جاتی تھی اور پہلی دفعہ ہم نوجوانوں کو ہائی ٹیک کی تربیت دے رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے انٹرنشپ پروگرام، گرین یوتھ موومنٹ شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ ہنر مند پروگرام میرٹ پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کو سہولیات دے رہے ہیں، پہلا سال معاشی مشکلات تھیں لیکن اب معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھی مان رہی ہے کہ کامیاب جوان پروگرام بہترین اقدام ہے۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ نوجوانوں کو کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قرضے کی فراہمی کا مقصد انہیں کاروبار کے ذریعے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے، یہ قرضہ صرف اسے ملے گا جس کے پاس اچھا کاروباری آئیڈیا ہو گا۔