بے گناہی ثابت کرنے کیلئے راناثناء اللہ نے قرآن پاک اٹھا لیا جھوٹا کیس بنانے والوں پر اللہ کا قہر نازل ہو۔ رہنما مسلم لیگ ن کی قومی اسمبلی میں بددعائیں

 
0
230

اسلام آباد جنوری 10 (ٹی این ایس): رہنما مسلم لیگ ن نے بے گناہی ثابت کرنے کیلئے اسمبلی میں قرآن پاک اٹھا لیا۔ تفصیل کے مطابق منشیات برآمدگی کیس میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا ء اللہ نے قرآن پاک اٹھا لیا۔ قومی اسمبلی میں آج ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ یکم جولائی کو پارٹی اجلاس میں شرکت کیلئے لاہور جار ہا تھا ، اے این ایف نے مجھ پر منشیات کا جھوٹا کیس ڈال کر گرفتار کر لیا۔
اسمبلی میں خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مجھے کئی ماہ جیل میں رکھنے کے باوجود کسی قسم کی انکوائری نہیں کی گئی، تفتیشی افسر نے میرے سے ایک سوال بھی نہیں پوچھا۔ راناثنا ء اللہ نے کہا کہ حکومت کے پاس کوئی فوٹیج ہے تو ایوان میں پیش کرے۔ مقدمہ جھوٹا ہے۔


رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پورے سیاسی کیرئیر میں اگر کسی منشیات فروش کی سفارش کی ہو تو اللہ کی پاک کتاب ہاتھ میں اٹھا کر کہتاہوں کہ میرے پر اللہ کا قہر نازل ہو۔
اور جن لوگوں نے جھوٹا کیس بنایا اللہ ان پر بھی قہر نازل کرے۔رانا ثناء اللہ نے کیس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن فار فیکٹ فائنڈنگ بنانے کا مطالبہ کرد یا ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کیس کسی طرح بھی سچا ثابت نہیں ہو سکتا ، جوڈیشل کمیشن فار فیکٹ فائنڈنگ بنائی جائے۔ واضح رہے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کو منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار کیا گیا تھا ، بعدازاں اے این ایف کی جانب سے ثبوت پیش نہ کئے جانے پر عدالت نے رانا ثنا ء اللہ کی ضمانت منظور کر لی تھی۔ واضح رہے اس سے قبل بھی منشیات کیس میں بے گناہی پر رانا ثناء اللہ قرآن پاک اٹھا چکے ہیں ۔