ملک جلد مہنگائی جیسے بحرانوں سے نکل آئے گا، آئندہ نسلیں خوشحال و مضبوط پاکستان میں زندگیاں بسرکریںگی،رہنماء پی ٹی آئی اعجازاحمدچوہدری

 
0
13606

لاہور جنوری 10 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ وطن عزیز عنقریب مہنگائی جیسے بحرانوں سے نکل آئے گا،عوامی پریشانیوں کا دور جلد ختم ہونے والا ہے، ترقی و خوشحالی کی منزلیں قریب سے قریب تر ہوتی جارہی ہیں،آنے والی نسلیں خوشحال اور مضبوط پاکستان میں زندگیاں بسرکریںگی، پاکستان کی سمت درست ہو چکی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اعجازاحمد چوہدری نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے ملک بحرانوں میں گرا ہوا ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے عوامی فلاح کیلئے ٹھوس حکمت عملی طے کر دی ہے جس کے ثمرات عوامی حلقوں تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اداروں میں بحران ختم ہورہے ہیں، رشوت اور کام چوری کا تسلسل ختم ہو کر رہ گیا ہے، ہماری بیوروکریسی محب الوطن اور عوام سے محبت کرنے والی ہے ، عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کررہی ہے، جمہوری اداروں میںسیاسی مداخلت ختم کردی گئی ہے ۔
اس موقع پر ناصر سلمان اور ملک امانت علی نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت پاکستان میںغیرملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرے گی۔ غیرملکی سرمایہ کار پاکستانی حکومت کی مثبت پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان میںسرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں،جدید ٹیکنالوجی موجودہ دور میں ملک کی اشدضرورت ہے۔ اس موقع پر شبیرسیال ، میاں کامران ، ایم پی اے ہارون گل ، خالد گجر ایڈووکیٹ، عمران بشیر، میاں امجد اقبال ، امین ذکی ،ناصر سلمان ، ملک امانت علی ، حاجی ارشاد ، شہباز سیال ایڈووکیٹ، آفتاب افگن سمیت دیگر موجودتھے۔