اوگرا نے جنوری کیلئے ایل این جی کی قیمت میں کمی کردی گیس کی قیمتوں میں کمی سوئی ناردرن اور سوئی سدرن سسٹم کیلئے کی گئی ہے، گیس کمپنیوں کیلئے قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری

 
0
246

اسلام آباد جنوری 13 (ٹی این ایس): اوگرا نے جنوری کیلئے ایل این جی کی قیمت میں کمی کردی ہے، حکومت نے گیس کمپنیوں کیلئے قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، گیس کی قیمتوں کمی سوئی ناردرن اور سوئی سدرن سسٹم کیلئے کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوگرا نے جنوری کیلئے ایل این جی کی قیمت میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے تحت سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 0.35 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کردی گئی ہے۔
اوگرا نے سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 10.48 ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی ہے۔ اسی طرح سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں0.36 ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو کمی کردی گئی ہے۔ اوگرا نے سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 10.46 ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی ہے۔ مزید برآں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یکم اگست سے آج تک بجلی کے نرخ 3 بار بڑھائے گئے۔
2016ء سے ٹیرف اسٹرکچر کے مطابق بجلی کے نرخ نہیں بڑھائے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماہانہ سرکلر ڈیٹ 39 ارب روپے بڑھ رہا تھا۔ گردشی قرضہ ہمارے لیے بارودی سرنگ کی طرح چھوڑ دیا گیا تھا۔ ن لیگ کے دورمیں39 ارب روپے ماہانہ بجلی کا گردشی خسارہ بڑھ رہا تھا۔ اس سال کے آخر تک کوشش ہے ماہانہ گردشی قرضہ صفر پر لے آئیں۔ گردشی قرضے زیرو کرکے بانڈز آفر کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک بجلی کے ریونیو میں 229 ارب روپے بڑھایا ہے۔ بجلی چوری میں ملوث 7 ہزار افراد حراست میں لیے گئے۔ اسی طرح وزارت پٹرولیم کا کہنا ہے کہ تاپی گیس منصوبے سے2023ء میں گیس کی ترسیل شروع ہوجائے گی، وزارت پٹرولیم کا کہنا ہے کہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر تاخیر نہیں ہو رہی، منصوبے پر شیڈول کے مطابق تیزی سے کام جاری ہے۔