راولپنڈی جنوری 17 (ٹی این ایس): آرپی او راولپنڈی کی جانب سے پولیس افسران کو اس مرتبہ جمعہ کے اصلاحی خطبہ کے لئے بچوں پر جنسی تشدد کے متعلق خصوصی تحریر بھجوائی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس افسر راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے ہر جمعہ کو عوام الناس میں آگاہی اور اصلاح کے لئے پولیس افسران کو نماز جمعہ کے دوران اصلاحی بیانات و تقاریرکرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں، جن کا آغازگزشتہ ماہ کے پہلے جمعہ سے کیا گیا تھا۔ پچھلے جمعہ کو عدل و انصاف کے متعلق خصوصی بیان کی تحریر جاری کی گئی تھی جبکہ اس مرتبہ بچوں سے جنسی زیادتی و تشدد کے متعلق خصوصی تحریر بھجوائی گئی۔ آر پی او راولپنڈی کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے راولپنڈی ریجن کے چاروں اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال کی مساجد میں جمعہ کے خطبہ کے دوران پولیس افسران نے خصوصی طور پراس سلسلے میں آگاہی لیکچر دئیے۔ خطبات میں عوام کو قرآنی آیات اور احادیث کے حوالہ جات سے متعلقہ موضوع کو زیر بحث لایا گیا۔ شرکاء کو یہ آگاہی دی گئی کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے عوام کا تعاون اور اس کے متعلق آگاہی سے ہی ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہے۔بچوں کو اس قسم کے واقعا ت سے بچانے کیلئے والدین کا کردار انتہائی اہم ہے، والدین کو چاہئے کہ وہ بچوں کے روزمرہ معمولات پر کڑی نظر رکھیں اور اس سلسلے میں بچوں کو خصوصی تربیت بھی دیں اور اس قسم کے کسی بھی واقعہ کی فوری اطلاع اپنے قریبی پولیس سٹیشن میں دیں تاکہ ایسے ناپاک عناصر کیخلاف فوری قانونی کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔