اسلام آباد جنوری 21 (ٹی این ایس): چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ کے ارکان کے فضائی ٹکٹس کے حوالے سے تحفظات دور کر کے 10 دن میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ ٹکٹوں کے اجراء کے حوالے سے ہمیں مختلف مسائل کا سامنا ہے ، بالخصوص بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان سینیٹ کے لاکھوں روپے کے ٹکٹ ضائع ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یا تو پرانا نظام بحال کیا جائے یا پھر وائوچرز کے اجراء کے ذریعے مسئلہ حل کیا جائے۔ سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ یہ سنجیدہ معاملہ ہے ، اس کو حل ہونا چاہئے۔ چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان سے کہا کہ اس سلسلے میں ہم نے ایک کمیٹی بھی بنائی تھی۔ اس کی سفارشات آپ کو بھجوا دی جائیں گی، آٹھ دس دن میں سفارشات پر عمل کر کے ایوان کو آگاہ کیا جائے۔