ڈرامہ “میرے پاس تم ہو” کی آخری قسط رکوانے کے خلاف سول عدالت میں درخواست جمع

 
0
764

ڈرامے میں عورت کی تضحیک اورمعاشرے میں کم تر دکھانے کی کوشش کی گئی ،درخواستگزار
لاہور جنوری 22 (ٹی این ایس): مشہور ڈرامہ سیریل “میرے پاس تم ہو” کی آخری قسط رکوانے کے لئے ماہم نامی خاتون کی جانب سے لاہور کی سول عدالت کو رجوع کر لیا گیا ہے۔ ماہم نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرامے میں عورت کی تضحیک کی گئی ہے اوراسے معاشرے میں کم تر دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔خاتون کی جانب سے عدالت میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ڈرامے نے پاکستانی عورتوں پر مثبت اثرات نہیں ڈالے جس کی وجہ سے اس کی آخری قسط کو سینیما میں ریلیزہونے سے روکا جائے۔
عدالت کی جانب سے ماہم کو 24 جنوری کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا اور تفصیلی جواب طلب کیا گیا ہے جبکہ ڈرامے کی آخری قسط کو ملک بھر میں 25 جنوری کو ریلیز کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل”میرے پاس تم ہو” نے پاکستانی ڈراموں کی ریٹنگ کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔مقبول ترین ڈرامے کو دیکھنے کے لئے عوام کی جانب سے اس قدر تجسس کا اظہار کیا گیا تھا کہ اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ ڈرامے کی آخری قسط کو ملک بھر کے سینیما گھروں میں نشر کیا جائے گا ۔
ایک رپورٹ کے مطابق جس دن یہ اعلان کیا گیا اس کے اگلے دن پاکستان بھر کے90 فیصد سینیما گھروں کی بکنگ ہو گئی تھی،عوام نے مثبت انداز میں اس فیصلے کا خیر مقدم کیا اور اس ڈرامے کو پاکستانی شوبز کی تاریخ کا سب سے مقبول ترین ڈرامہ بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔لیکن اب لاہور سے تعلق رکھنے والی ماہم نامی خاتون کی جانب سے لاہور کی سول عدالت کو رجوع کیا گیا ہے اور درخواست کی گئی ہے کہ ڈرامے کی آخری قسط کو نشر ہونے سے روکا جائے کیونکہ اس میں عورت کی تضحیک کی گئی ہے اور اسے معاشرے میں کم تر دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔عدالت نے ماہم کو 24 جنوری کو طلب کر لیا ہے جبکہ دوسری جانب ڈرامہ سیریل 25 جنوری کو پورے پاکستان کے سینیما گھروں میں نشر کیا جائے گا۔